حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں؟ اتحادیوں نے بھی فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد ( پی این آئی) حکومت کا اگست 2023ء تک آئینی مدت مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ، وزیراعظم شہبازشریف نے اتحادیوں کو یقین دلایا ہے کہ کوئی غیریقینی نہیں ، ہم مدت مکمل کریں گے اور ڈی چوک پر کسی کو نہیں آنے دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اتحادیوں کا اہم اجلاس ہوا ، جس میں اتحادیوں نے مشورہ دیا کہ غیریقینی صورتحال سے ملک کو نکالا جائے۔

 

اس پر وزیراعظم نے کہا سب کو بتادیں کوئی غیریقینی نہیں مدت مکمل کریں گے ، دباؤ میں آکر کوئی انتخابات نہیں ہوں گے اور ڈی چوک پر بھی کسی کو دھرنا نہیں دینے دیں گے، عمران خان 6 دن بعد آئیں اور مختص جگہ پراحتجاج کا شوق پورا کرلیں ۔شہبازشریف نے کہا کہ وقت آگیا ہے تصادم کے بجائے ملک کیلئےکام کریں ، دسمبر یا جنوری تک حکومتی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آئیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں اگر جون تک الیکشن کا اعلان کر دیں ہم لڑائی نہیں چاہتے، مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں ، مذاکرات سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ ہوا تو دوسرا راستہ احتجاج ہے ، سب سے بہترین راستہ یہ ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اسمبلیاں تحلیل ہوں اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے کارکن اور پارٹی رہنما مایوس ہیں کہ آپ اسلام آباد میں بیٹھے کیوں نہیں ، جب میں وہاں پہنچا تو علم ہو گیا کہ اب حالات کس طرف جا رہے ہیں۔

 

اس رات خون خرابہ ہونے والا تھا ، لوگوں نے پولیس کی دہشت گردی دیکھی تو لوگ لڑنے کو تیار ہو گئے تھے ، اس وقت عوام میں شدید غصہ پایا جا رہا تھا اگر میں اس دن بیٹھ جاتا تو بہت خون خرابہ ہونا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close