6دن بعد اگر 6لوگ لے آئیں تو میں عمران خان کی حمایت کر دوں گا، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا اعلان

لاہور (پی این آئی) عمران خان کے الیکشن کے الٹی میٹم پر وزیر داخلہ کا ردعمل- عمران خان 6 روز بعد20لاکھ کے بجائے 6 لاکھ لوگ بھی ساتھ لے آئیں، اس پر سپریم کورٹ یا سینئر سٹیزن کی کوئی کمیٹی بنا دیں تو کم از کم میں اپنی حیثیت میں عمران خان کی حمایت کر دوں گا- تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے حکومت کو الیکشن کے لیے 6 روز کے الٹی میٹم کے معاملے پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں گزشتہ روز پشاور سے شروع ہونے والا آزادی مارچ کا قافلہ صبح سویرے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچا جہاں عمران خان نے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور جون میں نئے الیکشن کا اعلان کیا جائے ورنہ پوری قوم کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آؤں گا اور اس بار کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ان کے پیش نظر یہ بات ہےکہ قوم میرے ساتھ آنا چاہتی تھی لیکن آ نہیں سکی، عمران خان خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے سرکاری وسائل استعمال کر کے اسلام آباد پہچنے لیکن پھر بھی ان کے ساتھ عوام نہیں آئی۔ان کا کہنا تھا عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ 6 روز بعد 20 لاکھ لوگوں کے ساتھ واپس آوں گا، اگر 6 روز بعد وہ 6 لاکھ لوگ بھی ساتھ لے آئیں، اس پر سپریم کورٹ یا سینئر سٹیزن کی کوئی کمیٹی بنا دیں تو کم از کم میں اپنی حیثیت میں عمران خان کی حمایت کر دوں گا۔

 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں الیکشن کا اعلان اتحادی جماعتوں کا سربراہی فورم مل کر کرے گا کیونکہ عمران خان تو ملک کو ڈبونا چاہتے ہیں، انہوں نے ملک کی معیشت کو ڈبویا، یہ قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، لوگوں سے کہتے رہے کہ اپنے سیاسی مخالفین کو چور اور غدار کہیں اور ان کے گھروں پر حملے کریں۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ الیکشن ہارنے کے بعد بھی عمران خان کہیں گے کہ ملک میں دوبارہ الیکشن کرائیں، کیا اس طرح سے کبھی ملک یا جمہوریت چلتی ہے، کیا اس طرح سے بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی ملک آگے چل سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close