دینی جماعت نے عمران خان کے آزادی مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عمران خان کے آزادی مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا ملک سے امریکی مداخلت کا خاتمہ اور آزاد خارجہ پالیسی شہید قائد عارف حسین الحسینی کی آواز تھی جس کی گونج ملک کے کونے کونے تک پھیلی۔انہوں نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد کو تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کے لیے روانہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارض پاک ایک خودمختار ریاست ہے اس میں سے بیرونی مداخلت کے خاتمے کی ہر کوشش کی مکمل حمایت کی جائے گی. جو قوتیں ملک میں امریکی تسلط کو برقرار دیکھنا چاہتی ہیں وہی تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہیں۔ ملک کے ہر خوددار، باشعور اور باضمیر شہری کاامریکہ کے خلاف کھل کر نفرت کا اظہار وطن سے محبت کی علامت ہے۔مختلف شہروں میں پْرامن احتجاج پر پولیس کے وحشیانہ تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔عوام سے ان کے احتجاج کا آئینی حق چھیننے کی حکومت کوشش انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔امریکی اجارہ داری کا ملک سے خاتمہ ہر محب وطن کی اولین آرزو ہے جس کے لیے مجلس وحدت مسلمین اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں