پولیس کے آنسو گیس شیل ختم ہو جائیں گے مگر ہمارے جذبے ختم نہیں ہو ں گے، حماد اظہر کا کالا شاہ کاکو میں روکے گئے جلوس سے جوشیلا خطاب

مریدکے(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی کال پر اسلام آباد دھرنا میں شرکت کے لیے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی قیادت میں کارکنوں کا جلوس جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو نالہ ڈیک پر پہنچ کر رک گیا۔ پولیس کی طرف سے نالہ ڈیک پل کو تھری لیئر کنٹینرز لگا کر بند کر رکھا تھا اور کنٹینروں کے اوپر پولیس کے جوانوں نے پوزیشن سنبھال رکھی تھی۔ حماد اظہر کے کنٹینر کے کالا شاہ کاکو پہنچنے پر کارکنوں نے پل نالہ ڈیک پر رکھے بھاری بھر کنٹینرز ہٹانے کے لیے ہلہ بول دیا۔

موقع پر پولیس کی بھاری نفری کی قیادت کرنے والے ایس پی انوسٹی گیشن ناصر باجوہ نے حماد اظہر کے ساتھ بات چیت کرکے پیش قدمی نہ کرنے کی اپیل کی مگر ان کی اپیل کو مسترد کر دیا جس پر پولیس نے حماد اظہر کو حراست میں لینے کی کوشش تو کارکنوں نے پولیس پر ہلہ بول دیا اور ایس پی کو تھپڑ مار کر حماد اظہر کو چھڑوا لیا۔ اس کوشش کے بعد پولیس کی طرف سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی گئی جس سے کارکن منتشر ہو گئے۔ پی ٹی آئی کارکن وقفے وقفے سے اکٹھے ہوتے اور پولیس شیلنگ سے منتشر ہوتے رہے۔ ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار نے موقع پر پہنچ کر پولیس کے تازہ دم دستے کی قیادت سنبھالی اور اے ایس پی مریدکے عبد الحنان کے ہمراہ دوبارہ حماد اظہر سے مذاکرات کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔ پولیس کی طرف سے پر امن ہونے پر کارکنوں نے دوبارہ کنٹینروں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے پھر آنسو گیس کی شلینگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ چور ٹولے نے پورے ملک کا پہیہ جام کر رکھا ہے اور عوام کو سڑکوں پر خوار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے آنسو گیس شیل ختم ہو جائیں گے مگر ہمارے جذبے ختم نہیں ہو ں گے اور ہم رات گئے تک بھی کنٹینر ہٹانے اور اسلام آباد پہنچنے کیجدوجہد جاری رکھیں گے۔پولیس کی طرف سے آنسو گیس شیلنگ کے جواب میں پی ٹی آئی کارکن پتھراؤ اور گالم گلو چ کرتے رہے۔ایک روز قبل تھانہ صدر مریدکے کا چارج سنبھالنے والے ایس ایچ او ولی حسن پاشا بھی دو روز سے جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو پر جلوس کو روکنے کی کوشش میں پیش پیش رہے۔قبل ازیں پولیس کی بھاری نفری نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما اور پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کی امید رکھنے والے چودھری محمد ارشد ورک کے ڈیرہ پر چھاپہ مار کر چودھری ارشد ورک اور چودھری انعام اللہ ورک سمیت6کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ چودھری ارشد ورک کے کارکنوں نے تھانہ سٹی کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ارشد ورک کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقامی حلقہ سے پی ٹی آئی کے بزرگ رکن قومی اسمبلی بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی اپنے صاحبزادے عثمان سکندر بھٹی، اراکین پنجاب اسمبلی خر م اعجاز چٹھہ اور عمر آفتاب ڈھلوں بھی کارکنوں کے ہمراہ اپنے سیاسی دفتر میں موجود رہے اور بعد ازاں کارکنوں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں شہر کی خالی سڑکوں کا راؤنڈ لگایا۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ حکومت جبر کے ذریعے جمہوری حق کو دبانے کی کوشش میں ہے مگر ہمارے کارکن ہر حال میں اسلام آباد پہنچ کر امپورٹڈ حکومت کو گھر بھیجیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں