پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس ایکشن، کون کون گرفتار اور کون بچ نکلا؟

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پولیس نے لاہور سمیت پنجاب، کراچی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی کارروائیوں کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گارڈن ٹاؤن لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کے گھر پر چھاپے کے وقت وہاں یاسمین راشد سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے،

پولیس کارروائی کیخلاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے دھرنا دیا۔ رات گئے پنجاب کے دیگر شہروں اور اسلام آباد میں بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کراچی میں سندھ پولیس نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی ارسلان تاج، بلال غفار، سعید آفریدی اور شاہ نواز جدون کے گھروں پر چھاپے مارے۔سندھ پولیس نے سہراب گوٹھ سے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان محسود کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ صرف لاہور سے اب تک 73 کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close