فوج کے خلاف بیان بازی پر شیریں مزاری کی بیٹی کیخلاف مقدمے کی درخواست

اسلام آباد(پی این آئی)پاک فوج کے خلاف بیان بازی پر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے شہرقائد کے تیموریہ تھانے میں شہری نے درخواست جمع کرائی ہے۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے تیموریہ تھانے میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے چند لمحوں بعد ہی ان کی صاحبزادی ایمان مزاری کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں وہ پاکستانی فوج کے خلاف

بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے صرف اپنی ذاتی بغض کی بنا پر جھوٹے اور من گھڑت بیانات دے رہی تھیں۔درخواست کے متن میں لکھا ہے کہ ایمان اپنی والدہ شیریں مزاری کی گرفتاری کا براہ راست الزام فوج پر لگا رہی تھیں، جو ملک میں فوج کے خلاف نفرت، ملکی عدم استحکام، انتشار، انارکی اور ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔

متن کے مطابق بحیثیت پاکستانی ایمان مزاری کے تمام بیانات سے بشمول بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بھی جذبات مجروح ہوئے ہیں، گزارش کی جاتی ہے کہ درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایمان مزاری کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں