تمام ارکان اسمبلی پہنچیں، پرویز الٰہی کا پنجاب حکومت کیخلاف دبنگ اعلان

لاہور( پی این آئی)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ق کے تمام اراکین کو ایوان پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے دیکھتے ہیں کہ کون ہمیں اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ارکان اسمبلی دوپہر پنجاب اسمبلی پہنچیں، حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی میں داخلے سے نہیں روک سکتا، ہمارے تمام ممبران اجلاس میں پہنچیں گے اور پنجاب اسمبلی کا

اجلاس آج ضرور ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ آج بھی گورنر پنجاب ہیں، گورنر کے ہوتے ہوئے میں کیسے قائم مقام گورنر بن جاؤں۔وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ باپ بیٹا اسمبلی کے ساتھ ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس نمبرز کم ہیں جبکہ میں آج بھی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہوں۔دوسری جانب پولیس نے چھاپہ مار کر

پنجاب اسمبلی کے ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور رائے ممتاز کو حراست میں لے لیا، سیکرٹری پنجاب اسمبلی اور ڈی جی کوارڈی نیشن کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔بتایا گیا ہے کہ پولیس نے چھاپہ مار کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو حراست میں لے لیا ہے ۔ اہلیہ نے الزام عائد کیا کہ رات ساڑھے تین بجے پولیس دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس نے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوارڈی نیشن عنایت اللہ لک کے گھر بھی چھاپہ مارا۔ پولیس دونوں افسران کو گھروں پر موجود نہ ہونے کے سبب گرفتار کرنے می ناکام رہی۔رات گئے پولیس ایکشن کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں