گوجرانوالہ(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز، نواز پیشنگوئی سن لو! ہر ڈاکوکی طرح تمہارا وقت آگیا ہے، اسلام آباد میں اپنی آنکھوں سے دیکھو گے عوام کا سمندر تم سب کوبہا کر لے جائے گا، دونوں بھائی سوچ رہے ہیں اب کیا کریں؟ آگے سمندر ہے اور پیچھے عمران خان کھڑا ہے۔
انہوں نے گوجرانوالہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلوانوں کا شہر میں آپ کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، ماشاء اللہ میر اگوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کیلئے تیار ہے،سارے پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکو اور مافیا ایک طرف کھڑے ہوگئے، جبکہ قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے اس کو انقلاب کہتے ہیں، جب ایک قوم قوم بن کر بڑے مافیا اور کرپٹ سسٹم کا مقابلہ کرے، ان کو پوری طرح شکست دیں گے۔جب میں اسلام آباد کال دوں گا تیار ہو؟ اسلام آباد پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے اسلام آباد بلا رہا ہوں، امریکی سازش کے تحت پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کرکے 22کروڑ کی منتخب حکومت کو گرایا گیا ہے، میری قوم آج یہ بتا دے کہ سازش تھی یا مداخلت تھی؟ پہلے سازش ہوتی ہے پھر مداخلت ہوتی ہے، یہ سمجھ رہے تھے کہ جب بھی وزیراعظم کو نکالا جاتا ہے تو مٹھائیاں بانٹی جاتی ہیں، کوئی بھی نہیں سوچ رہا تھا جب وزیراعظم کو نکالا گیا تو مٹھائی بانٹنے کی بجائے قوم سڑکوں پر نکل آئی۔
عوام کو اسلام آباد امریکی سازش کو ناکام کرنے اور دوسری وجہ ملک کے بڑے ڈاکو، قاتل، منشیات فروش سب کو جو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا،سازش کرنے والوں کو ہم بتائیں گے ہم زندہ اور آزاد قوم ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے تیزی سے دولت اضافہ ہورہا تھا جب ہماری حکومت ہٹائی گئی، دولت میں اضافہ ایکسپورٹ سے ہوتا ہے، تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہمارے دور میں ہوئی، 26فیصد ایکسپورٹ بڑھی، ایوب خان کے دور میں صنعتی ترقی میں 10فیصد سب سے زیادہ اضافہ ہوا، بیرون ملک پاکستانیوں نے 31ارب ڈالر کے ترسیلات زر بھیجے،ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جس وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کو کم کیا۔ہم نے لوگوں پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا، جب دنیا میں تیل مہنگا تھا، ریکارڈ مہنگائی تھی، ہم نے عوام پر کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی، کسانوں کی مدد کی، ہمارے دو سالوں میں گنا، چاول، گندم ، آلو مکئی کی ریکارڈ فیصلیں پیدا ہوئیں، کسان خوشحال ہوا، جب ساری دنیا میں کورونانے تباہی مچائی ہوئی تھی تو ہم نے لوگوں کو کورونا سے بچایا اور اوپر اٹھایا، سب سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار دیا، کنسٹرکشن کو اٹھایا، جب ملک درست راستے پر تھا تو امریکا کی سازش میں مل کر حکومت گرا دی گئی۔
انہو ں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ شہبازشریف تم نے جوتے پالش کرنے کی محنت تو بہت کی، جو امریکی ایمبیسی سے آتا اس کے جوتے پالش، ایک بار امریکی ایمبیسی سے خاتون آئی تو مریم نوا زنے اس کو اپنے گھر بلایا، اس کو گاڑی سے دروازہ کھول کر اندر لائی، جس طرح وہ اس کے ساتھ چل رہی تھی ، صرف ایک کسر رہ گئی تھی کہ کہتی میں لیٹ جاتی ہوں میرے اوپر سے گزر کرجاؤتاکہ جوتے نہ گندے ہوجائیں۔شہبازشریف ، شریف خاندان ، آصف زرداری سب سے خوش ہے، زرداری جس کو پیسے کی بیماری ہے، وہ خوش ہے ساری گالیاں شہبازشریف اور ن لیگ کو پڑرہی ہیں، وہ وفاق اور سندھ میں بیٹھا ہوا اور پیسے بنا رہا ہے۔ واقعی ہی زرداری تم ن لیگ پر بھاری ہو، تم اچھا ان سے بدلہ لے رہے ہو، لیکن شہبازشریف چیری بلاسم جب فوجی بوٹ دیکھتا ہے تو ایسی پالش کرتا ہے شکل نظر آنا شروع ہو جاتی ہے، وزیراعظم تو بن گئے اور کہتا ہے اب کیا کروں؟ روپیہ گررہا ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر گررہے ہیں۔
شہبازشریف اچکن سلوانے کا شو ق تھا اب لوگوں کو جواب دو، ادھر بھائی نوازشریف باہر بیٹھا ہے، اب دونوں بھائی سوچ رہے ہیں کیا کریں؟ آگے ان کے سمندر ہے اور پیچھے عمران خان کھڑا ہے، پیشنگوئی سن لو! ن لیگ والوآپ جو بچتے رہے ہیں آپ کو ہر بار بچایا گیا، باہر بڑے بڑے محلات، سب باہر ہیں جبکہ سیاست پاکستان میں کرتے ہیں، دونوں بھائی سن لو! ہر ڈاکو کا وقت آجاتا ہے، تمہارا وقت آگیا ہے، انشاء اللہ اسلام آباد میں اپنی آنکھوں سے دیکھو گے عوام کا سمندر تم سب کو بہا کر لے جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں