حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ پنجاب سے ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی نے بڑا اقدام اٹھا لیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چودھری نے کہاہے کہ حمزہ شہبازکو فارغ کرنے کیلئے عدالت عالیہ میں پٹیشن دائر کریں گے، استدعا کی جائے گی کہ حمزہ شہباز غیرقانونی وزیراعلیٰ ہیں،انہیں وزارت اعلیٰ سے فارغ کرکے نیا الیکشن کرایا جائے،فیصلے کے بعد حمزہ شہبازکے پاس 25ووٹ مائنس ہوگئے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے اور خود مستعفی ہونا چاہیے ۔

 

انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کو اس فیصلے کے بعد ازخود استعفا دینا چاہیے تھا، کیونکہ ن لیگ پچھلے ایک مہینے سے آئین قانون کا بھاشن دے رہی ہے، اب ان کو چاہیے تھا فوری مستعفی ہوجاتے، ان کے تمام انتظامی فیصلے غلط ہیں، اس وقت حکومت کا نمبر اپوزیشن سے کم ہے،شرم کرنی چاہیے اور مستعفی ہونا چاہیے، گورنر پنجاب ان کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے لیکن یہ بھی انتظامی بحران ہے کہ گورنر ہی نہیں ہے۔پی ٹی آئی کل عدالت عالیہ میں پٹیشن دائر کرے گی کہ حمزہ شہباز غیرقانونی وزیراعلیٰ ہیں، اور حمزہ کو وزارت اعلیٰ سے فارغ کیا جائے اور نیا الیکشن کرایا جائے، نئے الیکشن میں پرویز الٰہی وزیراعلی کے امیدوار ہیں۔ ہم خود عدالت سے رجوع کریں گے کہ حمزہ شہبازشریف کو عہدے سے فارغ کیا جائے۔ اس وقت پنجاب سمیت ملک بھر میں کوئی حکومت نہیں ہے، ڈالر 200سے اوپر چلا گیا ہے، معیشت کی تباہی کردی ہے، یہ تو ایسے ہے جیسے ڈاکو گھر میں گھس کر صفایا کردیں، اچھا خاصا پاکستان ان کے حوالے کیا اور چند گھنٹوں میں بیڑہ غرق کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق میں بھی صدر مملکت وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں، شہبازشریف کے پاس بھی مطلوبہ نمبر نہیں ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا بہت اہم فیصلہ ہے، اس سے لوٹا کریسی کا خاتمہ ہوا ہے۔یہ بحران اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سیاسی بحران حل نہیں ہوتا، سیاسی بحران کا حل نئے الیکشن ہیں، ہم نئے الیکشن چاہتے ہیں، آسان طریقہ یہ ہے کہ جو بھی وزیراعلیٰ بنے وہ اسمبلی کو تحلیل کردے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ان پر عمل کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں