ہمیں جلد ہی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی پڑ سکتی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کے اعلان کے چند منٹ بعد ہی وزیر خزانہ کی وضاحت آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کے اعلان کے چند منٹ بعد ہی وزیر خزانہ کی وضاحت آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے ابھی اپنی پریس کانفرنس میں جو کہا مجھے اس بات کی وضاحت دینی ہے کہ حکومت آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گی لیکن بدلتے ہوئے حالات اور تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کی وجہ سے ہمیں جلد ہی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی پڑ سکتی ہے۔

 

قبل ازیں حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا تھا ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اساعیل نے کہا کہ تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر بوجھ پڑے گا ‘ میں اور میرا وزیر اعظم عوام پر بوجھ ڈالنے کے حق میں نہیں‘ میں آئی ایم ایف سے دوبارہ ملاقات کرنے جا رہا ہوں ، ہم کوئی نہ کوئی بیچ کا راستہ نکالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے سبسڈی ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہم پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھائیں گے بلکہ عوام کو ریلیف دیں گے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے حل کریں گے ، ہم ان جیسا وعدہ نہیں کریں گے چینی سستی دے رہے ہیں کچھ عرصے بعد مزید سستی دینے کا کہہ دیا ۔

 

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 4 سال پہلے جب ہم نے حکومت چھوڑی گندم ایکسپورٹ کرتے تھے ، پی ٹی آئی حکومت نے چینی ایکسپورٹ کی اور مہنگی امپورٹ بھی کی ، گنا، گندم اور کپاس تینوں کی پیدوار ان کے دور میں کم ہوئی ہے لیکن اس سال پھر ہم گندم ایکسپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کیا فوڈ سیکیورٹی میں مشکوک افراد کو بٹھایا گیا ہے؟ کیا یوریا کی اسمگلنگ کرائی گئی ہے؟ یوریا کی اسمگلنگ میں بہت سے لوگ ملوث ہوتے ہیں ، پنجاب حکومت کے بغیر یہ اسمگلنگ ممکن نہیں ہوتی، گندم بھی پاکستان سے اسمگل ہوئی ، ہم زراعت کو ٹھیک نہ کر سکے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں