کراچی(آئی این پی) پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ حکومت بنا کر سندھ کو صحت کارڈ دیگی۔اتوار کو وزیر اعلی سندھ کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ گھبرانے کا وقت اب زرداری اور اسکے حواریوں کا ہوا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل اچانک سندھ حکومت کو یاد آگیا کہ اپوزیشن لیڈر پر اسلحہ رکھنے کا کیس ہے،
ضمانت قبل از گرفتاری کے باوجود پولیس بار بار انکے گھر ریڈ کررہی ہے۔ زرداریوں کو صرف چارٹر آف کرپشن سمجھ میں آتا ہے، مراد علی شاہ بتائیں کہ کیا اب ایم کیو ایم ان کے لیے اچھی ہوگئی؟۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کراچی کی ترقی میں سندھ حکومت سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے اور اس وقت سندھ میں بننے والے ہر منصوبے میں کرپشن ہورہی ہے جبکہ حال ہی میں محکمہ آبپاشی کے منصوبے میں 6 ارب کی کرپشن کا انکشاف ہوا تھا، پانی کے معاملے پر سندھ حکومت عوام کو صرف بیوقوف بناتی رہی ہے، اربوں روپے کے فور میں لگا کر کہا گیا ڈیزائن غلط ہے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسے کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، یہ چاہتے تھے کہ پی ٹی آئی بھی انکے ساتھ آئو مل کر کھاتے ہیں کے فارمولے پر کام کرے اور اب انہیںآئو مل کر کھاتے ہیں والے مل گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے سانگھڑ تا نوابشاہ 62کلو میٹر سڑک بنوائی جبکہ وزیر اعلی کو ملک کے معاشی حب کراچی کی حالت زار نہیں دکھتی۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ زرداری مافیا غریب کاشتکار کا پانی چوری کر رہا ہے، پورے ملک کو چلانے والے شہر کی سڑکیں تباہ حال ہیں جبکہ سندھ میں آج بھی ایک ایمبولنس آنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں کئی آگ لگ جائے تو بارہ گھنٹے تک فائر بریگیڈ نہیں آتی، حلیم عادل کے خلاف بار بار انتقامی کاروائی پیپلز پارٹی کی گھبراہٹ کا مظاہرہ ہے، انشااللہ پی ٹی آئی سندھ حکومت بنا کر سندھ کو صحت کارڈ دیگی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں