نواز شریف کی واپسی کے بغیر یہ کام ہو ہی نہیں سکتا، مریم نواز کا دوٹوک اور واضح اعلان

گجرات(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کی صاحبزادی اورپارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ ان کے والد کی وطن واپسی کے بغیر عام انتخابات نہیں ہوسکتے‘انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ویڈیو سامنے لاؤ پھر نواز شریف کا ظرف دیکھنا، وہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکورٹی دے گاتاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ نوازشریف کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں جس کی بنیاد پر وہ عمران خان کو شہبازشریف سے زیادہ سیکورٹی دیں گے۔

 

مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران تمہارے کھانے میں کوئی زہر ملائے گا تو گھر والا ہوگا انہوں نے شرکائے جلسہ کی تعداد کے حوالے سے کہا کہ گجرات کے جلسے نے تمام جلسوں کاریکارڈ توڑدیا، تاریخی جلسے پرگجرات کے لوگوں کا شکریہ، عمران خان حکومت جانے پردن رات ماتم کررہے ہیں، میرابس چلے توعمران خان کا نام کبھی اس زبان سے نہ لوں، اس فتنے کے شرسے لوگوں کوبچاؤں گی، پہلے اس نے جعلی خط پیش کیا پھر عالمی سازش کا رونا شروع کیا، اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے کہتا ہے کہ میری جان کوخطرہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جب آپ اقتدارمیں تھے تونہ سازش تھی نہ آپ کی جان کوکوئی خطرہ تھا، عوام آپ سے 4 سال کی کارکردگی کا حساب مانگتے ہیں، آپ کی کارکردگی صفرہے اس لیے جھوٹ پرجھوٹ بول رہے ہو، جب کارکردگی نہ ہوتو پھرجھوٹے ڈرامے کرنے پڑتے ہیں، خان صاحب ہماری دعا ہے کہ آپ زندہ رہیں اورنوازشریف کی کامیابیاں دیکھتے رہیں

 

انہوں نے کہاکہ نے کہا کہ اول تویہ کہ ویڈیوجھوٹ ہے لیکن اگر ہے تو سامنے لاؤ، حادثے کا انتظارمت کریں، آپ ویڈیوسامنے لائیں پھرنوازشریف کا ظرف دیکھنا وہ تمہیں شہبازشریف سے زیادہ سیکورٹی دے گا ۔ انہوں نے عمران خان پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹا شخص تمام حدیں عبور کر گیا ہے، کوٹ لکھپت جیل میں تم نے نواز شریف کے ساتھ کیا کیا تھا؟ نواز شریف کے ایک رات میں پلیٹ لیٹس اچانک کیسے گر گئے؟ نواز شریف کا کھانا عمران خان کی طرف سے آتا تھا، آپ توگھرکا کھانا کھاتے ہیں نوازشریف کوٹ لکھپت جیل کا کھانا کھاتے تھے۔مریم نواز نے کہا کہ جو خود ایسی حرکتیں کرتا ہے وہ سب کے بارے میں ایسا ہی سوچتا ہے، عمران خان کہاں تم کم ظرف و جھوٹے اور کہاں نواز شریف؟ میں اس کی تقریر بڑی مصیبت سے سنتی ہوں، یہ ڈالر اوپر جانے کا ذکر کرتا ہے، مبارک ہو عمران کی یاد داشت واپس آگئی ہے آج مہنگائی کرنے والا کہتا ہے کہ ملک میں مہنگائی کیسے ہو گئی؟کیا سوال 4 سال کے حکمران سے ہو گا یا4 ہفتے کی حکومت سے؟ عمران خان جاتے جاتے پاکستان کی معیشت کو وینٹی لیٹرپرڈال کرگیا۔

 

عمران خان کہتے ہیں کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبرزبلاک کردیئے ہیں لیکن تمہاری چیخیں بتا رہی ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نے تمہارا نمبربلاک کردیا ہے جب تم فون کرتے ہو توآواز آتی ہے آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں ہے جب تم عوام سے ووٹ مانگو گے تو آواز آئے گی رانگ نمبر عمران تم جس نمبرپرفون کرتے ہو اب وہ نمبربدل گیا ہے۔نون لیگ کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ الیکشن میں جانے کا شوق تھا تو اتحادیوں کی منتیں کرنے کی بجائے الیکشن کا اعلان کرتے، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے پہلے کہتے کہ الیکشن میں جا رہا ہوں، عمران خان تمہارا کھیل ہمیشہ کیلئے ختم شد، اب تم کچھ نہیں کرو گے صرف نواز شریف کے منہ کی طرف دیکھو گے، نواز شریف الیکشن سے نہیں ڈرتا، ڈسکہ کا الیکشن یاد ہو گا، عمران خان کی دھاندلی کے باوجود 16 میں سے 15 ضمنی الیکشن نون لیگ جیتی تھی، اس کو نواز شریف کو ہرانے کیلئے ڈبے چوری کروانے پڑتے تھے، عملہ اٹھوانا پڑتا تھا، نواز شریف نے اس کو موقع دیا کہ عمران خان خود کو ایکسپوز کر دے، اب الیکشن تب ہوں گے جب ہمارا قائد نوازشریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔

 

نوازشریف نے عمران خان کو پھرکنٹینر پر پہنچا دیا۔مریم نواز نے کہا کہ ان کے4 سال میں عوام غریب ،فرح خان اوران کی کابینہ کے ارکان امیر ہو گئے،عمران خان تم جہاں بھی ہو تمہاری سیاست کا محور بھی ہمیشہ نواز شریف ہوتا ہے، کہتا ہے ان لوگوں کے آنے سے بہتر تھا ایٹم بم گرا دیتے، پاکستان سلامت رہے گا تا قیامت رہے گا، پاکستان کی سلامتی پرعمران خان جیسے ہزاروں جوکر قربان کرسکتے ہیں. واضح رہے کہ جس مراسلے کو مریم نوازنے جلسے میں جعلی قراردیا ہے اس کی تصدیق قومی سلامی کونسل دو اجلاسوں اور ان کے چچا وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں اس غیرملکی مراسلے کی تصدیق کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close