عمران خان نے جان کو خطرے کے حوالے سے ویڈیو ریکارڈ کرنے کی وجہ بتا دی

فیصل آباد(نیوزڈیسک )چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کا قتل ہوا، ذولفقار علی بھٹوکا جوڈیشل قتل ہوا، ضیاءالحق کے طیارے کو گرایا گیا ان کے قاتل نہیں پکڑے گئے اس لیے میں نے ویڈیو ریکارڈ کرا کر محفوظ کر دی ہے ۔فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں طاقتور کو کبھی سزا نہیں ملی۔

 

ان کی حکومت میں اس وقت تک کسی کو وزارت نہیں ملتی جب تک وہ کوئی بڑا جرم نہیں کر لیتا، مجھے آج پتا چلا کہ رانا ثنا ءاللہ نے 22قتل کیے ہیں،میں سپریم کورٹ سے کہتا ہوں کہ ڈاکٹر رضوان کو کیسے ہارٹ اٹیک ہوااس پر سو موٹو لیں، میں جلد ایک زہر کا بتاوں گا جس کو اگر کھانے میں ڈال دیں تو بندے کو ہارٹ اٹیک آجاتا ہے ۔میں نے ویڈیو اس لیے ریکارڈ کرائی ہے کہ اگر میرے ساتھ کچھ ہوتا ہے تو ویڈیو عوام کے سامنے آئی گی ،جن جن لوگوں کے میں نے اس ویڈیو میں نام لیے ہیں آپ نے ان لوگوں کو کٹہرے میں کھڑے کرنا ہے ،مجھے انصاف دلانا ہے اس قوم کو انصاف دلانا ہے کیونکہ اس ملک میں 75سال میں کسی طاقتورکو سزا نہیں ملی آپ نے انصاف دلانا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close