خان صاحب دعا ہے آپ زندہ رہیں، مریم نواز نے عمران خان کو دعا دیدی

گجرات(پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ حکومت جانے پر عمران خان دن رات ماتم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین نے چار سال غفلت میں گزار دئیے، اب کہتے ہیں مجھے قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ گجرات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گجرات نے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیا، تاریخی جلسے پر گجرات کے لوگوں کا شکریہ، ماضی میں بھی نواز شریف نے گجرات میں تاریخی جلسہ کیا تھا، گجرات کے عوام نے آج مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دےدیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت جانے پر دن رات ماتم کر رہے ہیں، میرا بس چلے تو عمران خان کا نام کبھی اس زبان سے نہ لوں، اس فتنے کے شر سے لوگوں کو بچاوَں گی، پہلے اس نے جعلی خط پیش کیا پھر عالمی سازش کا روناشروع کیا، اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، جب آپ اقتدار میں تھے تو نہ سازش تھی نہ آپ کی جان کو کوئی خطرہ تھا، عوام آپ سے 4 سال کی کارکردگی کا حساب مانگتے ہیں، آپ کی کارکردگی صفر ہے اس لیے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہو۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب کارکردگی نہ ہو تو پھر جھوٹے ڈرامے کرنے پڑتے ہیں، خان صاحب ہماری دعا ہے کہ آپ زندہ رہیں اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھتے رہو، اول تو یہ کہ ویڈیو جھوٹ ہے، اگر ہے تو سامنےلاوَ، حادثے کا انتظار مت کریں، آپ ویڈیو سامنے لائیں، پھر نواز شریف کا ظرف دیکھنا وہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی دے گا، یہ اپنی تقریر میں زہر کا ذکر کر رہا تھا، اگر آپ کے کھانے میں کوئی زہر ملائے گا تو وہ آپ کا کچن یا گھر والا کوئی ہوگا

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close