اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی، پی ڈی ایم کی حکومت کے وفاقی وزیر نور عالم خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے پشاور میں ان کے گھر پر حملے کیلئے غنڈے بھیجے ہیں۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے پی محمود جان اور ارباب وسیم نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ حملہ کیا، میرے گاؤں کے لوگوں نے ان کو بھگا دیا۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے نور عالم خان کے پشاور میں گھر پر شرپسندوں کے حملے کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے سیکرٹری داخلہ کو نور عالم خان اور ان کے اہل خانہ کو فول پروف سیکیورٹی دینے کا حکم دے دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ آئی جی کے پی سے رابطہ کر کے نور عالم کے گھر اور اہلخانہ کی سیکیورٹی یقینی بنائیں، ان پر پی ٹی آئی کے غنڈوں کا حملہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ عمران خان کی غنڈہ گردی اور ملک میں انتشار پھیلانے کی گندی سازش ہے، اگر کسی سیاسی مخالف یا اس کے اہلخانہ کو نقصان پہنچا تو عمران خان ذمہ دار ہوگا۔ عمران خان اور اس کے شرپسندوں کو خبردار کرتا ہوں کہ قانون ہاتھ میں نہ لیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں