بجٹ کی تیاری میں شدید مشکلات ہیں، عمران خان ہر طرف تباہی پھیلا کر گیا ہے ، وزیر دفاع خواجہ آصف کا دعویٰ

لندن (آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمیں نئے بجٹ کی تیاری میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے، عمران خان ہر طرف تباہی پھیلا کر گیا ہے۔لندن ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی مخالفین پر بے بنیاد الزامات ہماری عادت بن چکی ہے، سیاسی جلسے ہونے چاہئیں، سیاسی نظام چلنا چاہئے، جلسے روکنے سے معاملات خراب ہوتے ہیں۔سیالکوٹ جلسے سے متعلق پی ٹی آئی کے الزامات پر وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں تحریک انصاف کو جلسہ کرنا تھا وہ 118 سال پرانی عبادت گاہ ہے،

مسیحی برادری نے اس سلسلے میں احتجاج کیا تھا، انتطامی معاملات میں ہم نے کوئی دخل اندازی نہیں کی، ڈپٹی کمشنر کو ہائی کورٹ نے ہدایات جاری کی تھیں کہ معروضی حالات دیکھ کر فیصلہ کیا جائے۔عمران خان کی جانب سے اداروں سے متعلق گفتگو پر خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن کو گالیاں دینا مسئلہ نہیں، ہمارے ملک میں مخالفین کیلئے ایسی زبان استعمال کی جاتی ہے لیکن اداروں سے متعلق بات کرنا ٹھیک نہیں۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جب ادارے عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے تو وہ ان کی تعریفیں کرتے تھے،

اب اگر وہ غیر جانبدار ہوگئے ہیں تو انہیں تکلیف ہے، عمران بے ساکھیوں کے بغیر ایک دن بھی نہیں چل سکتے تھے۔ملکی معاشی صورتحال پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں نئے بجٹ کی تیاری میں بہت زیادہ مشکلات ہیں، ہم عوام کو ریلیف دینے کی تیاریاں کررہے ہیں، مفتاح اسماعیل پاکستان پہنچ گئے ہیں، وہ آئی ایم ایف سے رابطہ کریں گے۔ایک سوال کہ شہباز شریف جلد الیکشن چاہتے ہیں جبکہ نواز شریف ایسا نہیں چاہتے، اسی لئے زرداری صاحب نے لندن رابطہ کیا اس میں کوئی سچائی ہے؟، کا انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب صحافتی قیاس آرائیاں ہیں۔عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا میں کسی کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں،

قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور عدالتیں اگر بغیر کسی سیاسی مداخلت کے قانون کے مطابق گرفتاریوں کا فیصلہ کرتی ہیں تو وہ الگ بات ہے، سیاسی لوگوں کو گرفتار کرنا، جلسے رکوانے کی باتوں کو دور نہ کیا گیا تو صحتمندانہ سیاست استوار نہیں ہوسکے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close