موٹر وے پر کار اور ٹریلر کےدرمیان تصادم ، 3 افراد جاں بحق، 2افراد شدید زخمی

میانوالی (آئی این پی )میانوالی کے قریب سی پیک موٹر وے پر سواں والا پل کے قریب کار اور ٹریلر کے المناک تصادم میںپروآ سے تعلق رکھنے والے تین افراد جاں بحق، 2افراد شدید زخمی، ریسکیو 1122کی امدادی ٹیموں نے گاڑی کی باڈی کاٹ کر زخمیوں اور نعشوں کو نکالا، بدقسمت افراد کاروباری سلسلہ میں خریداری کے بعد لاہور سے براستہ راولپنڈی ڈیرہ ا سماعیل خان آرہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ سے تعلق رکھنے والے دکاندار عطا اللہ المعروف گلا استاد قوم گاذر،قاری جمیل نواز سکنہ جھوک ماچھی، اجمل ملک سمیت دیگر دو افراد بذریعہ موٹر کار کاروباری سلسلہ میں خریداری کے بعد لاہور سے براستہ راولپنڈی سی پیک موٹر وے ڈیرہ ا سماعیل خان آرہے تھے کہ آگے جانیوالے ٹرالر کا ٹائر پھٹ جانے کے باعث ٹرالر ڈرائیور کی جانب سے ٹرالر سڑک کنارے پارک کئے جانے کے دوران ان کی موٹر کار تیز رفتار کے باعث بے قابو ہوکر ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ موٹر کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور ریسکیو1122کے اہلکاروں نے گاڑی کی باڈی کاٹ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کی نعشوں کو نکالا۔ ریسکیوذرائع کے مطابق حادثہ میں عطا اللہ المعروف گلا استاد قوم گاذر اورقاری جمیل نواز سکنہ جھوک ماچھی سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک ساتھ تین جنازے علاقہ میں پہنچنے پر علاقہ میں کہرام برپا ہوگیا اور ہر آنکھ اس المناک حادثے پرنم تھی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close