ن لیگی رہنما نے اپنی ہی حکومت کیخلاف بغاوت کر دی، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی نا اہل قرار دیدیا

اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اپنی ہی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگی ایم این اے قیصر شیخ نے کہا کہ چین بات کرنے کوتیار نہیں ، آئی ایم ایف قرضے دینے کوتیار نہیں ، پاکستان تقریباً دیوالیہ ہوچکا ہے ، بجٹ بنانے والے وہ ہیں جن کے اپنے مفادات ہیں ، ملک معاشی بحران کی وجہ سے ڈوب رہا ہے۔

 

مہنگائی اس وقت 13.3 فیصدہے اگلےماہ مہنگائی 20 فیصدپر پہنچ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جو بھی وزیرخزانہ آتے ہیں وہ کاروباری برادری سے ملنا گوارہ نہیں کرتے ، موجودہ حکومت نے بھی وزیرخزانہ باہر سے لگایا ، مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ، مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ ہونے کی اہلیت نہیں رکھتے ، کراچی میں لوگوں نے مفتاح اسماعیل کو ہمیشہ مسترد کیا ۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ غیر ملکی حکومتوں نے ہمیں پیسہ صرف بینکوں میں رکھنے کے لیے دیا ہے ، ہمارے سامنے سری لنکا ڈیفالٹ ہوا ہے ، پاکستان بحران سے گزر رہا ہے ، ہمارے ملک میں 10 ارب ڈالر سے کم ریزرو رہ گئے ہیں ، آج ڈالر کا ریٹ 193 روپے انٹر بینک میں بند ہوا ہے اور ہماری توجہ غیر ضروری معاملات پر ہے ، مہنگائی ملک کی حکمرانوں کی اپنی غفلت کی وجہ سے ہے ، مسئلہ یہ ہے کہ اسمبلیوں میں بھی بحران پر توجہ نہیں ہے۔

 

ہماری اسمبلیوں میں بھی ان چیزوں پر بحث نہیں کی جا رہی ۔دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کی جانب سے حکومت کو دو ٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ پٹرول مہنگا کیے بغیر بات نہیں بنے گی ، جس کے باعث 16 مئی سے پٹرول مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا ۔ دنیا نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرول کی سبسڈی کو محدود کیا جائے اس کے علاوہ پٹرول پر جنرل سبسڈی کو بھی ختم کی جائے کیوں کہ پٹرول مہنگا کیے بغیر بات نہیں بنے گی ، اس کے علاوہ پاکستان پہلے ہی آئی ایم ایف کو بجلی مہنگی کرنے اور بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے پلان دے چکا ہے ، اب حکومت کو ان دونوں پلانز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں