لندن(آئی این پی ) لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے ارکان بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی۔اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثنا، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر ہوابازی سعد رفیق، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب و دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزرا مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین شکنوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر کارروائی کریں گے، ملک میں انتشار پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، ملک میں گالی اور بدتمیزی کا کلچر فروغ دیا جارہا ہے۔رانا ثنا نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورت حال سینمٹنے کیلئے نوازشریف نے بہترین رہنمائی کی ہے، اجلاس میں ہونے والے فیصلے اتحادیوں سے منظور کرائیں گے۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کوگرفتارکیا جائیگا؟ جس پر رانا ثنا نے جواب دیا کہ جس کی گرفتاری بنتی ہے اسے گرفتار کریں گے۔رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا واضح مقف رہاہے کہ الیکشن قبل از وقت ہونے چاہئیں، الیکشن کرانے کے فیصلے کا اختیار مسلم لیگ ن کے پاس نہیں ہے، الیکشن کا فیصلہ اس فورم کے پاس ہے جہاں تمام سربراہ ہیں، اتفاق رائے سے جو فیصلہ ہوگا ہم اس کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم قوانین کو مضبوط کر رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کو ریگولیٹ کیا جائے، آئی ایم ایف کے پاس پہلے دن سے گئے ہوئے ہیں، فیصلہ ہواہے معیشت کی صورتحال کو ٹھیک کرنا ہے ، یہ گند جو اس نے ڈالا ہے اسے بے نقاب بھی کرنا ہے لوگوں کو بتانا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف ہر قیمت پر واپس جائیں گے وہ جانا چاہتے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان قومی تقاضوں کے مطابق ہے، فواد چوہدری کے ہتک آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق حکومت کی گند کو سامنے لایاجائیگا، کیسز تو بہت چھوٹی چیز ہے، قوم کے ساتھ جویہ کر کے گئے ہیں قوم کے سامنے لایا جائے گا، انتخابی اصلاحات کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کا طریقہ کار بنائیں گے، ووٹنگ مشین اڑا دیں گے، ختم کریں گے، فرح کو واپس لائیں گے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل کی جائے گی۔احسن اقبال نے بھی رانا ثنا کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گزشتہ دورِ اقتدار کے سبب سنگین صورتِ حال سے دوچار ہے، آنے والے چند دنوں میں واضح ہو جائے گا کہ آج کے مشاورتی اجلاس میں کیا اہم فیصلے ہوئے۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کا وفد نواز شریف سے ملاقات کیلئے گزشتہ روز لندن پہنچا تھا اور کل ہی ملاقات کا پہلا دور بھی ہوا تھا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں