20لاکھ افراد کا رُخ اسلام آباد کی بجائے رائیونڈ کی جانب ہو سکتا ہے، وزیرداخلہ کو اشارہ دیدیا گیا

لاہور(پی این آئی) عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ 20 لاکھ لوگوں کا رخ رائیونڈ کی طرف بھی ہو سکتا ہے، رانا ثناء اللہ وزیرداخلہ بنیں گلوبٹ نہ بنیں،کسی کارکن کوکچھ ہوا تو ذمے دار رانا ثناء اللہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ کے بیان پر سابق گورنر سندھ نے ردعمل دیا ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ رانا ثناء اللہ شریف خاندان کی غلامی کے سحر سے باہر نہیں نکلے رانا ثناء اللہ وزیرداخلہ بنیں گلوبٹ نہ بنیں۔

 

سابق گورنرسندھ نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ملک کو رائیونڈ محل اور عوام کو اپنی طرح پٹواری سمجھ رہےہیں مارچ سے پہلے ہی امپورٹڈ حکومت کے غلام پریشان ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں 20 لاکھ لوگوں کا رخ رائیونڈ کی طرف بھی ہو سکتا ہے کسی کارکن کوکچھ ہوا تو ذمے دار رانا ثناء اللہ ہوں گے ہمارے کارکنان قیمےکے پراٹھے، بریانی اور دیہاڑی والےنہیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 20 لاکھ تو بہت دور کی بات ہے یہ 20 ہزار بندے بھی اسلام آباد نہیں لاسکتا اور اگر میں چاہوں تو عمران خان 20 بندے بھی اسلام آباد نہیں لے کر آسکتا تاہم اس حوالے سے پالیسی حکومت نے بنانی ہے میں نے صرف عملدر آمد کرانا ہے اور اتحادی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔

 

علاوہ ازیں رہنماء مسلم لیگ ن نے کہا کہ معیشت کے قاتل آج مظلوم بننے کا ناٹک کررہے ہیں ، عوام کو مہنگائی میں ڈبونے والا عمران خان ہے،عمران خان کے ارسطوکو پکڑیں جو معیشت کو لفٹ پر اوپر لیجاتے لیجاتے موت کی دہلیز پر لے گیا تھا ، ڈالر کو بے لگام کرنے کا ذمہ دار عمران خان ہے، چپڑاسی بنی گالہ میں سوتے باس کو جگا دیتا تو اسے ٹی وی سے ڈالر کی قیمت بڑھنے کا معلوم ہوجاتا۔رانا ثناء اللہ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کوجواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو جھوٹے ہیں، ایک عمران خان اور دوسرا پنڈی کا شیطان، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا، اس کی مذمت کریں جس نے قوم کو اس حالت میں پہنچایا۔ دوروزقبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگوں کی نجی زندگی میں ایشوپیدا کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کریں گے۔

 

سائبر کرائم ونگ کی کیپیسٹی کے مسائل ہیں،اس پرکام کر رہے ہیں ، قانون کے دائرے میں پرامن احتجاج ہرکسی کا حق ہے ، قانون کے دائرے سے باہر جائیں گے تو قانون اپناراستہ بنائے گا ، عمران خان جلسے کر رہے ہیں ہم ان کو سہولت دے رہے ہیں ، عمران خان کو اس وقت وزیراعظم والی سکیورٹی مل رہی ہے، شیخ رشید صرف ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں ۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کا بھی اشارہ دیا تھا ، انہوں نے کہا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو ابھارا گیا ، روضۂ رسول ﷺ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ، یہ شخص نوجوان نسل کو گمراہ کرنے پر تلا ہوا ہے‘ عمران خان فتنہ ہیں انہیں بالکل گرفتار کیا جائے گا ، جو بھی شہری کارروائی کے لیے آئے گا حکومت اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close