لاہور (پی این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی حلف برداری کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی۔جسٹس صداقت علی خان کی سربراہ میں 5 رکنی لارجر بنچ کل سماعت کرے گا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے چیف جسٹس سے لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔حمزہ شہباز شریف سے حلف لینے کے سنگل بنچ کے فیصلے کو تحریک انصاف کے اراکین نے چیلنج کیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پنجاب میں آئینی بحران مزید شدید ہو گیا، عمر سرفراز چیمہ نے وفاقی حکومت کے اقدام کے خلاف قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی جس کے بعد عدالت سے رجوع کرنے کیلئے آئینی درخواست کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا، سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے بھی تاحال قائمقام گورنر کے عہدے کا چارج نہیں سنبھالا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں آئینی بحران ایک نئی صورت اختیار کر گیا ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد عمر سرفراز چیمہ سے سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے جبکہ گورنر ہائوس کے باہر سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے مزید نفری تعینات کر دی گئی۔ عمر سرفراز چیمہ نے وفاقی حکومت کے اقدام کے خلاف قانونی ماہرین سے تفصیلی مشاورت کی جس میں انہیں عدلیہ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔اس حوالے سے آئینی پٹیشن کا ڈرافٹ بھی تیار کر لیا گیا ہے جسے منظوری کے بعد عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب گورنر ہائوس کا عملہ دستخط لینے کے لئے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچا تاہم سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے سمری پر دستخط نہیں کئے اور بتایا کہ وہ قانونی ماہرین سے امور کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے تاحال قائمقام گورنر پنجاب کے عہدے کا چارج نہیں سنبھالا گیا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں