منحرف ارکان سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ، تحریک انصاف نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے منحرف اراکین سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ متوقع تھا اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ، اس کے علاوہ الیکشن کمیشنر کے خلاف سپریم جوڈیشیل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے کیوں کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی بی ٹیم بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ احمقانہ ہے ، اس طرح کی لاقانونیت کے خلاف تحریک انصاف میدان میں آئے گی اور یہ جنگ عوام کے ساتھ جیت کر دکھائیں گے ۔ بتاتے چلیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے 20 منحرف اراکین قومی اسمبلی کو نا اہل کرنے کی استدعا مسترد کردی ، الیکشن کمیشن نے منحرف اراکین کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنسز پر فیصلہ سنا دیا ہے جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنسز خارج کردیے اور منحرف اراکین کو نا اہل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی ہے ۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کے خلاف نا اہلی ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ، آج ہونے والی سماعت میں الیکشن کمیشن میں منحرف رکن قومی اسمبلی چودھر ی فرخ الطاف کے وکیل خالد اسحاق نے دلائل دیے ، جس میں انہوں نے کہا کہ میڈیا میں ارکان پر پہلے ہی منحرف کا ٹھپہ لگادیا گیا ، نا اہلی ریفرنسز میں پارٹی پالیسی خلاف ورزی کے شواہد نہیں ، شوکاز نوٹس ہمیں نہیں بھجوایا گیا اس سوشل میڈیا پر سرکولیٹ کردیا ، ممکنہ طور پر پارٹی پالیسی کے الزام پر رکن کو نا اہلی قرار نہیں دیا جاسکتا ، پی ٹی آئی نے ثابت کرنا ہے کہ فرخ الطاف نے آرٹیکل 63 ون (اے) کی خلاف ورزی کی ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنسز میں پی ٹی آئی کی مزید ریکارڈ دینے کی درخواست مسترد کردی ، پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنسز کیس میں منحرف اراکین نے پی ٹی آئی کے مزید ریکارڈ دینے کی مخالفت کی تھی اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنادیا گیا جس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی مزید ریکارڈ دینے کی درخواست مسترد کردی ۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ یہ کیس ہماری نظر میں متنازعہ ہوچکا ہے ، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کروں گا ، الیکشن کمیشن فیصلے کی کاپی فراہم کرے ۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کے لیے تحریک انصاف کی استدعا مسترد کر تے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے 13 مئی کو دلائل دینے کا حکم دے دیا تھا ، اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی ، دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ پہلے پنجاب کے 25 منحرف ایم پی ایز کا فیصلہ کریں وہ صرف 26 منٹ کا کیس ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close