لاہور(پی این آئی) لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کی گاڑی کینال روڈ پر حادثے کا شکار ہو گئی۔این اے 135 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے پی ٹی آئی رہنما ملک کرامت کھوکھر کی گاڑی کو حادثہ نیو کیمپس کے قریب کینال روڈ پر پیش آیا۔ سفید رنگ کی بغیر نمبر گاڑی نے پی ٹی آئی رہنما کی گاڑی کو ٹکر ماری۔حادثے کے باعث گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے ڈرائیور اور سوار محفوظ رہے۔
ڈرائیور کے مطابق 15 پر کال کے باوجود پولیس موقع پر نہ پہنچی۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گاڑی کو بھی حادثہ پیش آیا تھا۔ حادثے میں شہباز گل شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔بعد ازاں شہباز گل کی گاڑی کو موٹر وے پر مبینہ ٹکر مارنے والی گاڑی کی شناخت کرلی گئی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے شہبازگل کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیراعظم نے شہباز گل اور ان کے ساتھیوں کے زخمیوں ہونے پر
اظہار ہمدردی اور افسوس کرتے ہوئے شہبازگل اور دیگر زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کروانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں اپنے مولا اور قوم کی دعاؤں کی وجہ سے زندہ ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں