اسلام آباد (آئی این پی ) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دورہ امریکہ ابھی تک طے نہیں ہوا، امریکی سیکریٹری خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، امید کرتے ہیں کہ پاک امریکا تعلقات آگے جا کر بہتر ہوں گے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بیرونی نہیں جمہوری سازش ہوئی ہے۔انہوں ںنے کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا،
پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے جو کام کیا وہ قوم کے سامنے ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سی پیک کی بنیاد رکھی، سی پیک کے ذریعے ملک بھر میں توانائی کے منصوبوں کا جال بچھایا لیکن تحریک انصاف کے دور میں ایسا کیا ہوا کہ اپریل اور مئی میں بدترین لوڈشیڈنگ ہورہی ہے؟،چیئرمین پی پی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امید کرتے ہیں حکومت وہ سب بہتر کرے گی جو تبدیلی کے نام پر تباہ کیا گیا، سندھ میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جب کہ دادو اور جیکب آباد میں شدید گرمی ہے۔
قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی ناظم الامور سے دفتر خارجہ میں ملاقات کے دوران کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں پائیدار اور مسلسل تعلقات کی ایک لازوال مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے میں تجارتی عمل کو فروغ دے گا، پاکستان دنیا کے تمام ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے۔ چینی ناظم الامور نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران انہیں وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں