اسلام آباد (پی این آئی)قانون کے دائرے میں پرامن احتجاج ہرکسی کا حق ہے، لیکن لوگوں کی نجی زندگی میں مسائل پیدا کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کریں گے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہےکہ لوگوں کی نجی زندگی میں ایشوپیداکرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کریں گے، سائبر کرائم ونگ کی کیپیسٹی کے مسائل ہیں،اس پرکام کر رہے ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ قانون کے دائرے میں پرامن احتجاج ہرکسی کا حق ہے، قانون کےدائرے سے باہر جائیں گے تو قانون اپناراستہ بنائےگا۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسےکررہےہیں ہم ان کو سہولت دے رہے ہیں، عمران خان کو اس وقت وزیراعظم والی سکیورٹی مل رہی ہے، شیخ رشید صرف ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزام لگانے والا عمران نیازی خود جھوٹا، چور اور سازشی ہے۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پریس کلب کا جمہوری عمل میں کلیدی کردار ہے، گزشتہ دور میں صحافیوں پر بدترین تشدد کیا گیا، گزشتہ دور میں صحافیوں کے گھروں کا محاصرہ کیا گیا اور پروگرامز بند کرائے گئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی برادری کو یقین دلاتی ہوں ان کے مسائل حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی صفر کارکردگی چھپانے کے لیے دوسروں پر فتوے لگا رہا ہے، عمران نیازی سے اتحادی تنگ تھے، عمران نیازی کی کارکردگی آٹا اور چینی چوری کے سوا کچھ نہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوریت کے لیے کردار ادا کرنے والے صحافیوں کے جذبہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، گزشتہ 4 سال میں بیشتر صحافیوں کی زبان بند کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سازش ہو رہی تھی تو 28 مارچ تک خاموش کیوں رہے، نااہل اور نالائقوں کو اسی طرح عوام اٹھا کر باہر پھینکیں گی، 4 سال عمران خان نے منصوبوں کو بند کر کے رکھا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی کرپشن کے ریکارڈ عوام کے سامنے آ رہے ہیں، دوسروں پر الزام لگانے والا عمران نیازی خود جھوٹا، چور اور سازشی ہے، عمران نیازی کی قیادت میں مافیا عوام کو 4 سال لوٹتا رہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں