چین عمران خان سے کیوں ناراض تھا؟ وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا دعویٰ

لاہور (پی این آئی ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے سی پیک منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کروایا جس سے چین سخت ناراض ہے ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہمیں بہت عزت ملی، ہم نے انہیں مدد کی درخواست کر دی ہے، فیصلہ اب انہوں نے کرنا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی پی این ای کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ملکی تاریخ کے بد ترین مالیاتی خسارے کا شکار ہے۔

 

عمران نیازی نے سی پیک کا برا حال کیا ہے ، عمران خان نے سی پیک منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کروایا جس سے چینی دوست سخت ناراض ہیں ، مارچ میں تیل کی قیمتیں منجمد کرکے عمران خان نے اگلی حکومت کے لئے بارودی سرنگ بچھائی، اب پرندہ پنجرے میں پھڑپھڑا رہا ہے، ہم عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں مگر عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتیں ہمارے پاؤں کی زنجیر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پیکا آرڈیننس پر حکومت کی اجازت کے بغیر سپریم کورٹ نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے والے ایف آئی اے کے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی ، وزیرقانون کو ہدایت کی ہے کہ پیکا آرڈییننس پر فوری نظرثانی کی جائے ، آزادی صحافت کے منافی شقیں فوری ختم کی جائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ بیورو کریٹس سے تفصیلی میٹینگ ہوئی ہے ، نیب کی موجودگی میں بیورو کریٹس شدید دباؤ کا شکار ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ نیب کی موجودگی میں کام نہیں کر سکتے۔

 

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج سے ہونے والی تباہی پر ہنگامی اقدامات کاحکم دے دیا وزیراعظم کا متاثرہ خاندانوں سے نقصانات پر اظہار ہمدردی اور افسوس کی ہے ، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت اور شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائیں ، متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچایا جائے ، اس سلسلے میں وفاقی ادارے گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپور معاونت کریں ، اس کے علاوہ زرعی اور پینے کے پانی کے نظام کی تباہی اور 2 بجلی گھر متاثر ہونے کا تخمینہ لگایا جائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں