عمران خان نے پاکستان کے بڑے شہروں کو جام کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)عمران خان نے پاکستان کے بڑے شہروں کو جام کرنے کا اعلان کر دیا۔۔ پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف لانگ مارچ کیلئے کپتان کا پلان فائنل ہو گیا، ملک بھر سے لاکھوں مظاہرین کو اسلام آباد بلانے اور بڑے شہروں کو جام کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی۔ حکومتی ہتھکنڈوں سے نمٹنے سمیت گرفتاریوں سے بچنے کی منصوبہ بندی بھی مکمل کر لی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو اہم ہدایت جاری کر دی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔

 

خیبر پختونخوا سے 5 لاکھ، پنجاب اور سندھ سے 6 لاکھ مظاہرین مارچ میں شریک ہوں گے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک لاکھ مظاہرین اسلام آباد کی جانب رخ کریں گے۔ لانگ مارچ کا اعلان ہوتے ہی مختلف شہروں کو جام کیا جائیگا۔ بڑے شہروں کی بندش کیلئے پوائنٹس بھی طے کر لئے گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق پارٹی قائدین کو گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کر دی گئی۔ گرفتاریوں کی صورت میں بیک اپ پلان پر عملدرآمد ہو گا، مرکزی قائدین کی گرفتاری کی صورت میں متبادل قیادت کارکنان کو لانگ مارچ میں گائیڈ لائین دے گی، جبری گرفتاریوں کے خلاف شدید احتجاج کی کال دی جائیگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں