امریکا مجھ سے کیوں ناراض ہوا؟ عمران خان نے بڑی وجہ بتا دی

اسلام آباد(پی این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ میں کبھی اینٹی امریکہ اور اینٹی یورپ نہیں رہا، ہم دوستی کرنا چاہتے ہیں غلامی نہیں، امریکہ روس سےتیل کم قیمت پر طےکرنے پر ناراض ہوا، حکومت کو ہٹانا ہی تھا تو ایسے لوگ لاتے جن کی ہم سے زیادہ اہلیت ہوتی۔سمندر پار پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ سے بہت اچھے تعلقات تھے۔

 

 

امریکیوں کو عادت پڑی ہے جو بھی کام ہوتا یہاں سے سلیوٹ مارا جاتا، میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی 15سال مخالفت کرتا رہا، ہمارے ایک سربراہ نے ایک دھمکی پر پاکستان کو ان کی جنگ میں شامل کردیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نائن الیون جنگ سے نہ لینا تھا نہ دینا، امریکہ نے دھمکی دی کہ پاکستان کو پتھر کے دور میں پہنچا دیں گے، پاکستان کا لیڈر امریکی لیڈرکی دھمکی برداشت نہ کرسکا، پاکستان نے امریکہ کی دہشت گردی کیخلاف جنگ کی سب سے بھاری قیمت ادا کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے تین گنا فوجی شہید ہوئے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ روس سےہمیں دعوت ملی،گیس سے متعلق ہماری حکومتیں پہلے سےبات کر رہی تھیں، امریکہ روس سےتیل کم قیمت پر طےکرنے پر ناراض ہوگیا، افغانستان میں جنگ میں کامیاب نہ ہونے پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا، سازش تیار ہوئی تو ہمارے میرجعفر اور میر صادق ان سے مل گئے۔ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں سمجھ گیا تھا کہ کچھ ہو رہاہے، امریکی سفارتخانے میں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں بڑھ گئی تھیں۔

 

ہمارے منحرفین سے ملاقاتیں شروع کردی گئی تھیں، ڈونلڈ لو نے دھمکی دی جو 22کروڑ پاکستانیوں کی توہین ہے، امریکا پھر سے اڈے بھی مانگ رہا تھا، کہا گیا عمران خان بچ گیا تو پاکستان کو نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، دھمکی کےاگلے دن تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ہٹانا ہی تھا تو ایسے لوگ لاتے جن کی ہم سے زیادہ اہلیت ہوتی، شہباز شریف اور ان کے لوگوں پر انڈر ٹرائل کیسز ہیں، باپ ضمانت پر ہے، بیٹاحمزہ چھوٹے چھوٹے پیسے پکڑتا تھا،کیا ایسے لوگوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے گی ؟ ہمارےملک پر کرپٹ ترین آدمی اورٹولے کو مسلط کردیا گیا، ن لیگ کاوزیر خود کہتاہے کہ اس پر 18لوگوں کے قتل کا مقدمہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا سے پوچھتاہوں اب مہنگائی کہاں گئی؟ اب تو مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، اب مائیک پکڑ کے عوام کے پاس کیوں نہیں جاتے، 20 تاریخ کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا، مدینہ میں ان پر آوازیں لگیں اور ہم پر توہین مذہب کا کیس کردیا، یہ کہیں بھی چلے جائیں ،دو نعرے لگیں گے غدار اور چور۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close