تحریک انصاف حکومت کو کیوں ہٹایا گیا؟ آخرکار شیخ رشید نے بھی خاموشی توڑ دی

راولپنڈی (پی این آئی )سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے آخرکار بتا ہی دیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے جانے کی وجوہات کیا تھیں۔ ایک امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں شیخ رشید نے اعتراف کیا کہ سابق حکومت کی اداروں کے ساتھ غلط فہمیاں پیدا ہوگئی تھیں جو نہیں ہونی چاہئے تھیں، فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہوتی ہے۔مقامی اخبار کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ کچھ ایسا ہوا کہ اتحادی جماعتیں ساتھ چھوڑ کر حزب اختلاف کے ساتھ جا ملیں۔

 

قبل از وقت انتخابات کے لیے عمران خان حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، حکومت سے بات چیت کے لیے ضروری ہوگا کہ مقتدر قوتیں ضامن بنیں۔ تحریک انصاف کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا مقصد ملک میں مارشل لاء کا نفاذ نہیں، عمران خان لاکھوں افراد کو اسلام آباد میں جمع کرنے جارہے ہیں۔ ایسی صورت میں ملک بے یقینی کی صورت حال میں چلا جائے گا، خانہ جنگی بھی ہو سکتی ہے، ماضی میں جھوٹے مقدمات میں کئی سال جیل کاٹ چکا ہوں، اب بھی گرفتاری کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ لیے بغیر لانگ مارچ کے شرکا اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے، عمران خان اداروں سے محاذ آرائی نہیں چاہیں گے، اداروں سے محاذ آرائی کی صورت پیدا ہوئی تو اس کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔شیخ رشید ن کا مزید کہنا تھا کہ سیاست سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ تھا مگر اب عمران خان کے کہنے پر انتخابات میں حصہ لوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں