شکنجہ تیار، فرح خان کیخلاف نیب نے اب تک کا انتہائی اقدام اٹھا لیا، بچنا مشکل

لاہور (پی این آئی) قومی احتساب بیورو نے فرح خان کے خلاف ریکارڈ کے حصول کے لیے متعلقہ محکموں کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ۔ میڈیا رپورٹس میں نیب ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے اثاثوں کی تفصیلات سے متعلق خطوط لکھے جائیں گے۔

اس دوران ایف بی آر ، سکیورٹی ایکسچینج ، اسٹیٹ بینک سمیت نجی بینکوں سے بھی ریکارڈ مانگا جائے گا اس کے علاوہ فرح خان کے ڈالرز اور پاونڈز اکاونٹس کی تفصیلات بھی مانگی جا رہی ہیں ، ان اکاونٹس سے متعلق اسٹیٹ بینک سے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ بھی مانگی جائے گی۔معلوم ہوا ہے کہ فرح خان کے اثاثوں کیلئے نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کوخطوط لکھے جائیں گے ، فرح خان کے اثاثوں کے لیے 36 اضلاع کی انتظامیہ کو بھی خطوط لکھے جائیں گے ، ریکارڈ کے حصول کے بعد فرح خان کوذاتی حیثیت میں طلب بھی کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے فرح خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ، نیب کی جانب سے فرحت شہزادی عرف فرح خان کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے ، اس ضمن میں چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور کو انکوائری کا حکم دیا ۔ترجمان نیب نے کہا ہے کہ فرح خان کے خلاف اثاثے منی لانڈرنگ کے ذریعے بنانے کا الزام ہے۔

 

گزشتہ 3 سال میں فرح خان کے اکاؤنٹ میں 847 ملین جمع ہوئے ، تمام رقم ذاتی اکاونٹ میں آتی رہی اور فوری نکلوائی بھی جاتی رہی ، 2018ء کے بعد سے نامعلوم ذرائع سے اثاثوں میں اضافہ ہوا ، فرح خان مسلسل بیرون ملک دورےکرتی رہیں ، انہوں نے 9 بار امریکہ اور 9 مرتبہ یو اے ای کا دورہ کیا۔دوسری طرف کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والی فرح خان (خاتون اول کی قریبی دوست) نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر خاموشی توڑ دی ، انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتی ہوں، نہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ کبھی سرکاری کام کے معاملات میں مداخلت کی ہے ، میرے کردار پر غلیط کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بہن بیٹیاں ہیں، میرے بزنس کے بارے میں پہلے بھی میرے شوہر وضاحت دے چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close