اسلام آباد (پی این آئی)سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3 ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیاکہ پاک سعودی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق
دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔دونوں ملکوں کے مشترکہ اعلامیے میںکہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے بھرپور تعاون کو سراہا گیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے نجی شعبے، انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس نے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی
جائے گی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف پہلے غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 2 روزہ دورے کے بعد متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر پہنچے تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل النہیان سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مشترکہ مفادات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غو رکیا گیا۔دوران ملاقات شیخ محمد بن زاید آل النہیان نے
امید کا اظہار کیا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مزید ترقی کرے گا۔ دوسری جانب اماراتی قیادت کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہار تشکر کیا گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ کیا، منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا غیرملکی دورہ تھا،دورے میں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں