پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور ( پی این آئی ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وہ ارکان جن کے استعفوں میں کوئی ابہام نہیں وہ قبول کر لئے جائیں گے البتہ جن کے استعفوں پر ابہام ہے ان اراکین کو طلب کیا جائے گا۔ لاہور میں نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے عہدے کا حلف لینے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفے کیلئے ضروری ہے وہ ٹائپ شدہ نہ ہو بلکہ ہاتھ سے لکھا ہوا ہو ۔

 

جن اراکین کے استعفے ٹائپ شدہ ہیں انہیں طلب کیا جائے اور پھر استعفیٰ ہاتھ سے لکھنے کا کہا جائے گا ، یہ بھی پوچھا جائے گا کہ آپ پر کوئی دباؤ تو نہیں تھا، جو ارکان سپیکر کے سامنے پیش ہو کر استعفیٰ ہاتھ سے لکھ کر دیں گے اور اقرار کریں گے کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ان کا استعفیٰ قبول کر لیں گے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ اگر سپیکر کے سامنے کوئی ممبر کہے کہ وہ مستعفی نہیں ہونا چاہتا تو اس کی سیٹ برقرار رہے گی ۔ پاکستان کی بہتری آئن کی پابندی میں ہے ، آئین پسند لوگ ہی فخر کرتے ہیں ، چھوٹے چھوٹے قوانین کی پاسداری کرنےوالی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔

 

عوام آئین پاکستان کے ساتھ جڑ کر رہیں گے اور تمام اداروں کی عزت کریں گے چاہے وہ افواج پاکستان ہوں ، پارلیمنٹ یا عدلیہ ، آپس میں برداشت پیدا کرنا ، ایک دوسرے کو سمجھنا ہے ، مخالفت برائے مخالفت کی بجائے اختلافات کے دائرہ میں رہ کر بات کرنا ہی بقاء ہے ، اسی راستے پر چل کر ہم اپنی منزل حاصل کر سکتے ہیں ۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے ، عوام کو اللہ نے صلاحیتوں سے نوازا ہے ، انہیں صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سب نے پاکستان کو بہتربنانا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close