حمزہ شہباز شریف وزارت اعلیٰ کا عہدے کا حلف لینے کے بعد کس اہم ترین شخصیت کے گھر پہنچ گئے

لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پی ٹی آئی ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کی صحت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں ترین گروپ کے ارکان اسمبلی بھی شریک تھے جب کہ (ن) لیگ کی طرف سے عطااللہ تارڑ اور اویس لغاری موجود تھے، اس موقع پر حمزہ شہباز نے

سیاسی تعاون پر جہا نگیرترین گروپ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں پنجاب کی حکومت سازی کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جس کے لیے مہمانوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ۖ پیش کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی

راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف لیا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے علاوہ شریف فیملی کے افراد بھی حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری دیکھنے کے لیے موجود تھے۔گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہاؤس جانے کی اجازت نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کے لیے 1000 کے قریب مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ حلف لینے سے پہلے چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنا یا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close