گورنر پنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا

لاہور( پی این آئی)گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر کے سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا خط موصول ہو نے کی تصدیق کی ہے ۔گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کے سب سیکشن 8 کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔

عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں، انہوں نے استعفیٰ وزیر اعظم کے نام دیا جو آئینی طور پر غلط ہے۔دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت سے ہنگامی طور پر رابطہ کیا اور کہا کہ گورنر ہائوس پر پنجاب پولیس کے ذریعے غنڈوں نے قبضہ کرلیا، فوری طور پر صدر مملکت رینجرز کی نفری بھجوائیں۔نجی ٹی وی کے مطابقگورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ اجازت کے بغیر گورنر ہائوس میں سیکڑوں اہلکار بھیجے گئے، گورنر ہائوس پر انتظامی طور پر

آئین شکنی کی گئی، گورنرہائوس میں ہونے والی کسی سرگرمی کو گورنر کی اجازت حاصل نہیں۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے خصوصی طیارے پر اسلام آبادسے لاہور پہنچے ۔پنجاب حکومت کا جہاز سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو لے کر لاہور پہنچا۔ اولڈ ائیر پورٹ پر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ، ثمینہ خالد گھرکی نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا استقبال کیا اورانہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close