ملتان(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لوٹوں کواب ٹکٹ نہیں ملے گا،پاکستان کی عوام کو امپورٹڈ حکومت منظورنہیں، پاکستان کے خلاف سازش ہوئی،منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، جنوبی پنجاب حقیقی آزادی کیلئے تیار ہے، عمران خان نے حقیقی آزادی کی تحریک کا اعلان کیا ہے۔
ملتان میں ورکر کنونشن سے خطابق کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 29 مئی کوملتان میں تاریخی جلسہ کیا جائے گا، کیا جنوبی پنجاب حقیقی آزادی کیلئے تیار ہے؟ عمران خان نے حقیقی تحریک آزادی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو امپورٹڈ حکومت منظورنہیں ہے، کوئی کتنا بھی مضبوط امیدوار ہو لیکن لوٹوں کواب ٹکٹ نہیں ملے گا، جو لوٹا ہے اس کو ٹکٹ نہیں ملےگا۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازش ہوئی، آپ کے وزیراعظم کو ہٹایا گیا۔ چند روز قبل سابق وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے کہا تھا میں زرداری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹا ہوا پیسہ واپس لاؤں گا اب کیا ہوا کہ بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا نواز شریف سے 10 سیٹوں کی خیرات لینے گیا جب کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں راتوں رات نجانے کیا ہوا کہ مفادات کا ملاپ ہوگیا ، حکومت کی نئی کابینہ دیکھی ہے جس میں آدھے لوگ ضمانتوں پر ہیں۔
جنہوں نے آتے ہی اپنے نام ای سی ایل سے نکالے ، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں یہ لوگ لٹکے ہوئے چہرے لے کر بیٹھے ہوئے تھے، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ان سے حساب لینے کا وقت آگیا ہے ، بہت جلد یہ 13 جماعتوں کا غیر فطری اتحاد بکھر جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ بے عیب تھیں کہ انہوں نے مدت پوری کی اور تحریک انصاف کو ہٹا دیا گیا ، ہمارے خلاف بہت بڑی سازش ہوئی ہے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں ہیں ، لائٹیں بند کرنے یا میڈیا پر بلیک آؤٹ کرنے سے تحریک انصاف کو دبایا نہیں جاسکتا ، کراچی اور لاہور کے جلسوں میں عوام نے کہہ دیا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے، اب عید کے بعد 29 مئی کو ملتان کے جلسے کا اعلان کرتا ہوں، تمام اراکین اسمبلی اور عہدیداران 29 اپریل سے کال کی تیاریاں شروع کردیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں