مبینہ دھمکی آمیز مراسلہ کی عدالتی کمیشن تحقیقات معاملہ ،عمران خان نے معاملے پر صدرِ مملکت کو خط تحریر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی)امریکی دھمکیوں پر محیط پاکستانی سفیر کے مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کا معاملہ ،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے معاملے پر صدرِ مملکت کو خط تحریر کرنے کا فیصلہ کرلیا ،عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی چٹھی بھجوائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خط میں امریکہ سے پاکستانی سفیر کے مراسلے اور اسکے مندرجات کی روشنی میں اب تک کی کارروائی کے بارے میں پوچھا جائے گا ۔

چیئر مین تحریک انصاف نے کہاکہ باضابطہ ملاقات میں ہمارے سفیر کو دی جانے والی دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے یکسر منافی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل اور سفارتی بداخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں، قوم کی آزادی و خود مختاری کا تحفظ حکومت کے دفاع و حصول سے بالاتر فریضہ ہے۔انہوںنے کہاکہ مقامی غداروں نے قوم کو سامراج کے چنگل میں جکڑنے کی قیمت حکومت کی صورت میں وصول کی۔

انہوںنے کہاکہ عوام بیرونی سازش کی شکل میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت پر بے حد رنجیدہ اور ناراض ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوامی ردعمِل کی شدت کے پیشِ نظر حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان زیادہ دیر تک روکنا ممکن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ چوروں کو غداروں میں ڈھلتے دیکھ کر عوام سیخ پا، ان ملت فروشوں کا محاسبہ چاہتے ہیں

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close