وزیر اعظم شہباز شریف مدینہ منورہ پہنچ گئے، ساتھ کون کون ہے؟ استقبال کس نے کیا؟

مدینہ منورہ (آئی این پی )سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ اعلی سطحی سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجودتھے ۔منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم روضہ رسولؐ پر حاضری دیں گے، اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔اس موقع پر دونوں دوست ممالک باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close