تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت کروں گا یا نہیں؟ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے کہا تھا ن میں سے ش نکلے گی کوئی مانتا نہیں تھا، تحریک انصاف پر کوئی پابندی نہیں لگاسکتا، عمران خان کی کال پر انقلاب آ سکتا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے بھی سیاسی غلطیاں ہوئی ہیں، ایسی جمہوریت کو لوگ تسلیم نہیں کرتے۔

 

کابینہ میں زیادہ تر وزیر مجرم ہیں، میں ڈیڑھ سال پہلے کہتا تھا ن میں سے ش نکلے گی کوئی مانتا نہیں تھا، اس ملک میں شہبازشریف کی حکومت کو تسلیم کرنے کیلئے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اس ملک میں انقلاب آ سکتا ہے، قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں، عوامی مسلم لیگ عمران خان کی کال پر لانگ مارچ میں شریک ہو گی، کوئی تحریک انصاف پر بین نہیں لگا سکتا، عوام ان چوروں سے تنگ آ گئی ہے، عمران خان نے ساری دنیا کو مقصود چپڑاسی یاد کروا دیا ہے، ان چوروں کو دیکھنے سے لوگوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے، مطالبہ ہے کہ31 مئی سے پہلے انتخابات کی تاریخ دی جائے۔دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کی آزادی و خودمختاری کیلئے تاریخی 2 ملین مارچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر سے20 لاکھ افراد پرمشتمل مارچ اسلام آباد لایا جائے گا، مارچ کی تیاریوں میں تیزی لائی جائے گی اور کورکمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس 9 مئی کو منعقد ہوں گے۔ اجلاس میں حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں میں تیزی لانے کی حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ عمران خان نے ملک بھر سے تمام تنظیموں کے اجلاس بھی طلب کرلیے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں کارکنان کو انتخابات کی بھرپور تیاری کے آغاز کی ہدایت کردی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں