بریکنگ نیوز! سابق صدر نے بھی عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ بتا دی

اسلام آباد ( نیوزڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے عام انتخابات کے بارے میں پیش گوئی کردی،ملک میں جنرل الیکشن آئندہ سال کے آخر میں ہونگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات اگلے سال کے اختتام پر موجودہ پارلیمنٹ کی میعاد مکمل ہونے کے بعد ہوں گے اور نئے انتخابات تک موجودہ اتحاد کی حکومت اقتدار میں رہ کر عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔

گزشتہ روز ایوان صدر میں بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ایوان صدر ویران و برباد لگ رہا ہے، ہم جلد ہی جب یہاں آئیں گے تو اس برباد ایوان صدر کی رونق اور شان و شوکت کو بحال کردیں گے۔آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں ہولناک چیلنج ملے ہیں، قومی معیشت تباہ ہو کر رہ گئی ہے جبکہ ملک گوناگوں مسائل سے دوچار ہے،

عوام مہنگائی سے نڈھال ہیں اور گزشتہ حکومت نے مل جل کر خارجہ تعلقات کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مفادات پر اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کے عزم کاا اظہار کیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق اس عزم کا اعادہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا۔

ملاقات میں فیصل کریم کنڈی، شازیہ عطا مری، خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات کے متعلق ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ بات چیت کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق ملاقات میں رہنماؤں کے درمیان انتخابی اصلاحات پر بھی گفت و شنید کی گئی اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں