کراچی (آئی این پی)جامعہ کراچی میں دھماکا کرنے والی خاتون خودکش بمبار کی رہائش سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خاتون خودکش حملہ آور کا شوہر جناح اسپتال کے قریب ہوٹل میں رہائش پزیر تھا، خاتون بھی اس ہوٹل میں فیملی کے ہمراہ رہتی رہی ہے۔تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا کرنے سے قبل خاتون اور اس کے شوہر نے شادی کی سالگرہ بھی منائی۔
تحقیقاتی ذرائع نے بتایا کہ خاتون کا شوہر بلوچستان میں ڈاکٹراور جناح اسپتال میں ٹریننگ پروگرام میں شریک تھا، خاتون حملہ آور کے شوہر نے سوشل میڈیا پر خودکش دھماکے کے بعد اہلیہ کی تعریف بھی کی تھی۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خاتون حملہ آور کا شوہر بھی ملوث ہے، ماسٹر مائنڈ بھی ہوسکتا ہے، دھماکے سے قبل ہی خاتون کا شوہربچوں سمیت غائب ہوگیا اور اس کے پاکستان سے فرار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون دھماکا خیز مواد بیگ میں لے کر سلور جوبلی گیٹ سے داخل ہوئی، جس دوسری عورت سے حملہ آور ملی وہ اس کی لاسٹ منٹ ہینڈلر تھی، دوسری خاتون نے دھماکے سے کچھ دیر قبل خودکش حملہ آور خاتون کو بریف کیا اور چلی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکیکے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں