عمران خان نے ایک بار پھر چیف الیکشن کمشنر پر سنگین الزامات عائد کر دیئے

پشاور(پی این آئی )سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ ن کا پلانٹڈ ایجنٹ ہے ہمیں اس پر اعتماد نہیں اب انکے اس عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں پارلیمنٹرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے استدعا کی تھی کہ تینوں جماعتوں کے اکھٹے کیسز دیکھیں کیونکہ امپائر ہمیشہ غیر جانبدار ہوتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سوشل میڈیا پر دستخطی مہم چلائیں گے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کارکنان لوگوں کو سمجھائیں کہ یہ پی ٹی آئی نہیں بلکہ پاکستان کی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک وسائل کی کمی کی وجہ سے نہیں اداروں کے تباہ ہونے سے غریب ہوتے ہیں، غریب ملکوں کا نظام چوروں کو نہیں پکڑسکتا اس لئے غربت ہوتی ہے،ملک کا مستقبل خطرےمیں ہے ان چوروں کیخلاف قوم کو کھڑاہونا ہوگا،عمران خان کا کہنا تھا کہ سازش کےتحت شریف خاندان کو واپس لایا گیا، شہبازشریف پر 16ارب روپے کاکرپشن کا کیس ہے، شہباز شریف نے آتے ہی ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو فارغ کیا، اس نے آتے ہی اپنے لوگوں کو اوپر بٹھا دیا ہے اب ایف آئی اے والے طاقتور پر ہاتھ ڈالتے ہوئے ڈریں گے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہبازشریف اپنے کیسز بچانے کیلئے ایف آئی اے اور نیب کو مکمل طور پر تباہ کرینگے، ہمارے دور میں ایف بی آر مضبوط ہوا اور سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا اب یہ ٹیکس بچانے کیلیے یہ ایف بی آر کو بھی تباہ کریں گے، انھوں نے خود کو بچانا ہے اس لئے یہ تمام ادارےکمزور کرینگے اور جوحکومت ادارے تباہ کرتی ہے وہ ملک کو تباہ کردیتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں وراثت میں وہ ملک ملا جس کا دیوالیہ نکلا ہواتھا ادارے تباہ تھے، پروپیگنڈے کے باوجود ہماری حکومت صحیح راستے پر تھی ہم نے کسانوں کو فصل کی پوری قیمت وقت پر دلائی، شوگرمافیا کا مقابلہ کیا،

پانچ فصلوں کی سب سے زیادہ پیداوار ہمارے دور میں ہوئی، ہماری حکومت کو سازش سے اس وقت گرایا گیا جب ہم ہر مشکل سے نکل چکے تھے۔عمران خان نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں پاکستان دنیا میں سب سے سستا ترین ملک ہے، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی ہے، ہم نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، ٹیکس زیادہ اکٹھا کیااورپیٹرول،فضل الرحمان کی قیمت کم رکھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں بھی لوٹے جائیں گے انتظار ہے عوام ان کیساتھ کیا کرتی ہے، خیبرپختونخوا سے ایک ہی لوٹا ہے، میں انتظار کررہا ہوں کہ نورعالم اپنے حلقے میں آکر لوگوں سےووٹ مانگے۔عمران خان نے کہا کہ امریکا نے ایران میں بھی رجیم تبدیل کرنے کیلیے پہلے میڈیا پر پیسہ چلایا، میڈیا خریدنے کے بعد سیاستدانوں پر پیسہ چلایا، چلی میں بھی امریکا نے پیسہ چلایا،اپوزیشن کے لوگوں کو خریدا، امریکا نے پاکستان میں بھی اسی طرح رجیم تبدیل کرنے کی کوشش کی، امریکا نے سازش کے تحت ان لوگوں کو بٹھایا ہے لیکن ہم امریکا کو بتائیں گے کہ پاکستان کسی کی کٹھ پتلی نہیں بلکہ ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت منظور نہیں کرینگے اور اللہ کے سوا کسی اور کے سامنے نہیں جھکیں گے، حقیقی آزاد اورجمہوریت بچانے کیلئے پوری قوم منظم ہوکر انکا مقابلہ کرے۔انہوں نے کہا کہ اپنے جنون کو سنبھال کر رکھیں اسکی اسلام آباد میں ضرورت پڑیگی، اسلام آباد جانے سے پہلے آپ نے تحریک چلانی ہے ہر گلی اور محلے جاکر لوگوں کو اکٹھا کرنا ہے، لوگوں کو بتانا ہے کہ یہ حقیقی آزادی کی تحریک ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے،

امپورٹڈحکومت بیرونی سازش کے تحت ملک پر مسلط کی گئی، ہم نے بیرونی سازش کو ناکام بنانا ہے۔عمران خان نے کہا کہ زرداری، شہباز شریف اور نوازشریف سب سے بڑے ڈاکو ہیں اور پاکستان کے کرپٹ ترین لوگوں کو ہی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے پہ تیس سال سے ملک میں چوری کررہےہیں، ملک سے باہر ان کے آف شور اکاؤنٹس اور محلات ہیں، یہ لوگ پاکستان لوٹنے کیلئےآتے ہیں، ان کی فیملی، ان کا علاج ،کاروبار سب ملک سے باہر ہے، جس ملک کے لیڈر کاپیسہ باہر ہو وہ ہمیشہ غلامی کرتا ہے،ان لوگوں کو پاکستان کےعوام پرمسلط کیا گیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 27 رمضان المبارک کو شب دعا منائیں گے، شب دعا کیلئے ہر جگہ رات کو 10 بجےدعا کرائی جائے گی، پاکستان میں ہر جگہ پر اسکینرز لگائیں گے میں خود مولانا طارق جمیل کیساتھ دعا میں شرکت کرونگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close