وزیر خزانہ نے موٹرسائیکل والوں کو پیٹرول کم قیمت پر دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے ایک پالیسی وضع کرے گی جس میں موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دی جائے گی جبکہ بڑی گاڑیاں رکھنے والے امراء سے پٹرول کی پوری قیمت وصول کی جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ”حکومت آئندہ چند ماہ کے دوران انتظامیہ بہتری لائے گی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے ہدایت کی ہے کہ عام آدمی پر کوئی معاشی دباؤ نہیں پڑنا چاہیے۔“ ان کا کہنا تھا کہ ”حکومت بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، جو تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ہوشربا حد تک بڑھ چکا ہے۔ہم کوئی بھی نیا ٹیکس لگائے بغیر پی ٹی آئی حکومت کی نسبت زیادہ ٹیکس اکٹھا کریں گے۔“مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ”یکم مئی سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہو گا کیونکہ تب تک اوگرا کی طرف سے کوئی سمری نہیں آئے گی۔ یکم مئی کو اگر قیمتیں بڑھتی ہیں تو ان میں کئی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔ بالخصوص غریب طبقے کے مسائل کو ذہن میں رکھ کر کوئی پالیسی وضع کریں گے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں