جامعہ کراچی میں وین میں دھماکا 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اسلام آباد (پی این آئی)جامعہ کراچی کے قریب وین میں دھماکا ہوا ہے جس میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے قریب وین میں ہوا اور وین کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی ہی تھی۔دھماکے کے بعد ریسکیو اور سکیورٹی ادارے جامعہ کراچی پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، دھماکے کے بعد وین میں آگ لگ گئی تھی جسے

اب بجھادیا گیا ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق وین میں 7 سے 8 افراد موجود تھے تاہم وین سے باہر بھی کتنے افراد متاثر ہوئے ہیں اس حوالے سے فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔دھماکا ابتدائی طور پر گیس سلنڈر کا بتایا گیا ہے تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے وین میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ دھماکے کے

نتیجے میں دو غیرملکی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کراچی یونیورسٹی میں موجود غیر ملکی زبان سکھانے کے سینٹر سے پڑھا کر واپس آ رہے تھے، ہلاک شدگان وہاں غیر ملکی زبان پڑھاتے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں