سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے تحریک انصاف کا شہباز شریف کیخلاف عدالت جانے کا اقدام منافقت قرار دیدیا، وجہ بھی بتا دی

لاہور(پی این آئی)سینئر صحافی سہیل وڑائچ کاکہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کا فیصلہ دو رخی ہے،دو عملی ہے اور منافقت ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرےخیال میں پی ٹی آئی کو شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں نہیں جانا چاہیے۔ سیاسی معاملات کو عدالتوں میں نہیں لے کر جانا چاہیے۔

 

اگر معاملہ بہت ہی ناگزیر ہو اور بہت ہی ضروری ہوتو پھر عدالتوں میں جانا چاہیے۔سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ سیاست کو سیاست سے نمٹائیں ،انتخابات ہونے والے ہیں ،انتخابات کروائیں۔انتخابات سے پہلے کی سیاست ہےکہ اسمبلی کے اندر بیٹھ کر اور اسمبلی کےباہر کی سیاست کریں اور جلسے کریں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ اسی عدالت کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں ،جس کے فیصلوں پر آپ اعتراض کرتے ہیں۔ اسی سپریم کورٹ نے جس نےآپ کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروانے کا کہا اور کہا کہ اس تاریخ کو اتنے بجے ووٹنگ کروانی ہے، تواس پر آپ نے اعتراض کیا۔پھر اسی عدالت کے پاس آپ شہباز شریف کا فیصلہ لے کر جار ہے ہیں کہ فیصلہ دیں،یہ دو عملی ہے دو رخی ہے اورمنافقت ہے ، یہ نہیں ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ ملتان میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ وہ شہباز شریف کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے جارہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ جس شخص پر نیب کے مقدمات ہوں،فرد جرم عائد کی جانی ہو تو ایسا شخص پاکستان کی نمائندگی کرے اس سے ملک کے وقار کو نقصان پہنچتا ہے۔ مقدمہ دائر کرنے جارہے ہیں کہ جب تک شہباز شریف مقدمے سے بری نہیں ہو جاتے تب تک ان کی جگہ پر ن لیگ کسی اور کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں