جب تک انتخابات کا اعلان نہیں ہوتا آپ لوگوں نے میرے ساتھ اسلام آباد میں بیٹھنا ہے، عمران خان نے کارکنان کو تیاریوں کی ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد(پی این آئی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک بار پھر اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ عمران خان نے کارکنوں سے کہا کہ میں چند ہفتوں میں اسلام آباد کے لیے کال دوں گا،جب تک انتخابات کا اعلان نہیں ہوتا آپ لوگوں نے میرے ساتھ اسلام آباد میں بیٹھنا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پارٹی کے تین اہم اصول ہیں۔

خوددار پاکستان جو کسی کی غلامی نہ کرے اور ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، دوسرا فلاحی ریاست اور تیسرا قانون کی بالادستی کیوں کہ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ14سال تک ہمیں کوئی سیریس نہیں لیتا تھا اور 14سال کے بعد اللہ تعالیٰ نے لوگوں کے دل ہماری طرف موڑے۔ مینار پاکستان پر جلسے کے بعد ایک دم سے ہماری پارٹی بڑھتی گئی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2018میں ہمیں حکومت بنانے کا موقع ملااور پھر ہم نے پوری کوشش کی کہ طاقت ور کو قانون کے تحت لایا جائے،ہیلتھ کارڈدیا اور احساس پروگرام شروع کیا۔آج بدقسمتی یہ ہے کہ جو لوگ 30 سال سے کرپشن کر رہے تھے وہ ہم پر دوبارہ مسلط کر دئیے گئے ہیں۔

 

اس لیے میں نے آپ کو کال دی ہے کہ گلی محلے میں نکلو اور لوگوں کو حقیقی آزادی کی طرف لے کر آو۔عمران خان کا ویڈیو پیغام میں پی ٹی ائی کے کارکنوں سے کہنا تھا کہ میں آپ کو چند ہفتوں میں اسلام آباد کی طرف آنے کی کال دوں گا،آپ بھرپور تیاری کریں اور آپ سب نے اسلام آباد کی طرف آنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابات کا اعلان نہیں ہوتا آپ کو میرے ساتھ اسلام آباد میں بیٹھنا ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close