پاکستان میں عید الفطر کس دن ہو گی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

لاہور(پی این آئی) ماہرین فلکیات نے پاکستان میں عیدالفطر منگل 3مئی کو ہونے کی پیش گوئی کردی اور کہا ہے کہ اتوار کی شام ملک کے کسی بھی علاقے میں چاند دکھائی دینے کا کوئی امکان نہیں۔رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ نیا چاند 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی رات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ایک بج کر 28 منٹ پر پیدا ہوگا۔

 

اتوار یکم مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے کم ہوگی، نیز غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے وہ چترال، دیر، ہزارہ، ہنزہ، غذر اور گلگت میں 37 منٹ جبکہ ان علاقوں کے علاوہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 37 منٹ سے کم ہوگا۔ پاکستان میں شوال کا چاند دوربین کی مدد سے بھی دکھائی نہیں دے سکتا۔ماہرین فلکیات کے مطابق پیر دو مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 41 گھنٹوں سے بھی زائد ہوچکی ہوگی۔ دوسری جانب غروب شمس و غروب قمر کا درمیانی فرق جو 40 منٹ ہونا چاہیے وہ پا کستان کے تمام علاقوں میں 89 منٹ سے زائد ہوگا لہٰذا اگر پیر کی شام بادل نہ ہوئے تو چاند پاکستان کے تمام علاقوں میں واضح اور تادیر دکھائی دے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں