ایک اور بڑا اسکینڈل جس میں عمران خان پھنس سکتے ہیں، تہلکہ خیز رپورٹ آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف پاکستان میں بھی فارن فنڈنگ کیس سمیت کئی کیسز ہیں جن میں ممکنہ طور پر انہیں نااہل قرار دیا جا سکتا ہے تاہم ایک اور بہت بڑے کیس میں بھی ممکنہ طور پر ان کا نام آنے کو ہے، جس کے بارے میں ابھی پاکستان میں زیادہ بات چیت نہیں ہو رہی۔ بھارتی نیوز ویب سائٹ ’دی پرنٹ ‘ کے مطابق یہ کیس پاکستانی کاروباری شخص عارف نقوی اور ان کی مالیاتی کمپنی ابراج گروپ سے متعلق ہے۔

 

عارف نقوی 90کی دہائی سے عمران خان کے قریبی دوست ہیں اور کھلے عام ان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کی مالی معاونت کرنے کا اعتراف بھی کر چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2013ءکے انتخابات میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کا 70فیصد سے زائد خرچ عارف نقوی نے ہی اٹھایا تھا۔ذرائع کے مطابق اس انتخابی مہم میں عارف نقوی نے تحریک انصاف کو 2کروڑ 20لاکھ ڈالر (تقریباً 4ارب 9کروڑ 31لاکھ روپے)کی رقم دی تھی۔ اس کے بعد عارف نقوی کے دبئی میں واقع ابراج گروپ کو مسائل نے گھیرنا شروع کر دیا۔ جن سرمایہ کاروں نے ابراج گروپ میں سرمایہ کاری کر رکھی تھی، انہوں نے عارف نقوی پر فنڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کرنا شروع کر دیا اور یوں دنیا کی بڑی مالیاتی کمپنیوں میں شمار ہونے والا یہ ابراج گروپ کچھ ہی عرصے میں دیوالیہ ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق ابراج گروپ کے دیوالیہ ہونے کے بعد عمران خان نے بھی عارف نقوی کے ساتھ مراسم ختم کر لیے۔ عارف نقوی کے خلاف متحدہ عرب امارات اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں مقدمات درج ہو گئے اور وہ فرار ہو کر برطانیہ چلے گئے اور وہاں سیاسی پناہ لے لی۔

 

اس وقت وہ برطانیہ میں اپنے گھر میں ہی زیرحراست ہیں اور امریکی حکومت ان کی حوالگی کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔ امریکی حکومت انہیں امریکہ لیجا کر ان کے خلاف وہاں مقدمہ چلانا چاہتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے نکالے جانے کے بعد ’امریکی سازش‘ کا جو بیانیہ اپنایا ہے، بعض لوگ اسے عارف نقوی کے اس کیس سے بھی جوڑ رہے ہیں۔ ان لوگوں کا دعویٰ ہے کہ امریکی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ عارف نقوی نے گروپ کے فنڈز میں غبن کیا اور یہ رقم عمران خان اور ان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو دی۔ چنانچہ عمران خان پیش بندی کے طور پر امریکی سازش کا بیانیہ اپنا لیا ہے، تاکہ جب امریکہ کی طرف سے ان کا نام اس کیس میں لیا جائے تو وہ پہلے سے اس کے خلاف تیار ہوں اور اسے اپنے خلاف امریکی سازش کی اگلی کڑی قرار دے سکیں۔ ویب سائٹ کے مطابق اگر اس سکینڈل میں عمران خان کا نام آتا ہے تو یہ پاکستان کی سیاست کے بڑے سکینڈلز میں سے ایک ہو گا۔واضح رہے کہ عارف نقوی کا ابراج گروپ ایک وقت میں سرمایہ کاروں کی 14ارب ڈالر کی خطیر رقم مینیج کر رہا تھاتاہم 2018ءمیں یہ گروپ دیوالیہ ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close