واشنگٹن(پی این آئی)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، ملک کے ڈیفالٹ کرنے کا کوئی چانس نہیں۔واشنگٹن میں عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان حکومت نے جو کمٹمنٹ کی تھی، اُسے نبھانے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی ملک کے ساتھ کمٹمنٹ کی ہے تو ہم اس کو پورا کریں گے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بنک کو خود مختاری دی جاچکی ہے، دراصل وہ کمٹمنٹ عمران خان کے نہیں حکومت پاکستان کے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ اس سال ٹارگٹ آئی ایم ایف پروگرام برقرار رکھنا ہے جبکہ اگلے سال اسے آگے بڑھانا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ اس سال ٹیکس ریٹ بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں، غربت میں کمی کے لیےبینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پیسے بڑھائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ڈیفالٹ کا کوئی چانس نہیں، ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ میں گاڑی میں پٹرول ڈلواتا ہوں تو 1600 کی سبسڈی حکومت پاکستان دیتی ہے، یہ سبسڈی زیادہ تر امیر لوگوں کو دی جاتی ہے۔مفتاح اسماعیل نے استفسار کیا کہ کیا گاڑی والوں کو سبسڈی دینی چاہیے؟ دراصل حکومت یہ بوجھ برداشت ہی نہیں کرسکتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں