استعفیٰ دوں گا یا نہیں؟ عمران خان کے مطالبے پر چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی ) سابق وزیراعطم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا ۔ ڈان نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ میرا استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ایسی کوئی وجہ ہی نہیں جس پر میں استعفیٰ دینے کے بارے میں سوچوں‘ میں ملک کے بہتر مفاد میں کام کر رہا ہوں اور یہ جاری رکھوں گا۔

 

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے 26 اپریل کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا ، پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ آج تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ، اس اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہا کر دی اور منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈیکلریشن نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشنر کے اس رویے کے خلاف 26 اپریل بروز منگل پورے ملک میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرے گی ، اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔

 

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا ، اس حوالے سے انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن سارے فیصلے ہمارے خلاف کررہا ہے، جب میچ ہوتا ہے تو ٹیموں کو ایمپائر پر اعتماد ہونا چاہیے ، ہمیں اس پر اعتماد نہیں ہے تو اس کو استعفیٰ دے دینا چاہیئے کیوں کہ یہ ایمپائر بن ہی نہیں سکتا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close