لاہور (نیوزڈیسک) محکمہ پراسیکیوشن پنجاب نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کے مجرموں کو سز ا دلوانے والے پراسیکیوٹرز کو انعام دینے کے لیے سمری وزیر اعلیٰ ہاؤس کو بھجوا دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری پراسیکیوشن پنجاب ندیم سرور کی سمری میں3 پراسیکیوٹر ز جنرل عبدالرؤف و ٹو، عصمت اللہ خان اور اصغر علی کو 10،10 لاکھ روپے انعام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر زاہد سرفراز خان اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عمر فاروق کو 7،7 لاکھ روپے انعام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔سیکرٹری پراسیکیوشن کا کہنا ہےکہ ان پراسیکیوٹرز کی پذیرائی کی ضرورت ہے تاکہ محنت اور لگن سے کام کرنے والے دیگر پراسیکیوٹرز کا مورال بھی بلند ہو ۔گذشتہ سال3 دسمبر کو سیالکوٹ میں اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا تھا۔اس انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں